سی ڈی اے کو اسلام آباد میٹرو بس پراجیکٹ ٹیک اوور کرنے کی ہدایت

February 28, 2021

اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر)وفاقی حکومت نے سی ڈی اے کو ہدایت کی ہے کہ اسلام آ باد میٹرو بس پراجیکٹکو این ایچ اے سے ٹیک اوور کرلے تاکہ اسے فنکشنل کیا جاسکے۔سی ڈی اے حکام نے پراجیکٹ کا سروے کرلیا ہے اور این ایچ اے سے کہا ہے کہ وہ ٹھیکیدار سے پہلے پراجیکٹ خود ٹیک اوور کرے پھر سی ڈی اے کے حوالے کرے۔ سی ڈی اے حکام نے بتایا کہ اسلام آ باد میٹرو بس کا پہلا اسٹیشن این ایچ اے اسٹیشن ہےلیکن اسے فیض احمد فیض اسٹیشن پر راولپنڈی میٹرو سے منسلک کر دیاجا ئے گا تاکہ شہری ایئر پورٹ آ سانی سے جاسکیں ۔ بس ڈپو سے انڈر پاس کے ذ ریعے بس 9th ایو نیو پر فیض احمد فیض بس اسٹیشن جا ئے گی جہاں بس کے مڑنے کیلئے ایک روٹری بنا دی گئی ہے۔این ایچ اے اسٹیشن کے بعد جی ٹین اسٹیشن ، پولیس فائوندیشن اسٹیشن ، نسٹ اسٹیشن ، جی 13 اسٹیشن ، گولڑہ موڑ اسٹیشن ، جی 14اسٹیشن آئیں گے ۔آخری اسٹیشن ایئر پورٹ ہوگا۔ کل آٹھ اسٹیشن ہوں گے ۔ اسلام آ باد میٹرو کی کل لمبائی 25.6 کلو میٹر ہے ۔سی ڈی اے حکام نے بتا یا کہ ابھی سڑک پر کیٹ آئی لگنی باقی ہیں۔ سائن بورڈ ز لگنے ہیں ۔گرل لگانے کا کام جاری ہے۔ شیشے لگانے باقی ہیں۔ ٹکٹ کا بکنگ سسٹم بننا ہے، واک تھر وگیٹس لگنے ہیں ،گاڑیوں کا فلیٹ لینا ہے۔ آٹومیٹک فیئر کلکشن سسٹم لگنا ہے۔ سیکورٹی سسٹم ، نگرانی کا سسٹم ، کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم بنا نا ہے۔سی ڈی اے انتظامیہ نے حکومت سے 8ماہ کی مہلت مانگی ہے تاکہ تمام تقاضے پورے کرلئے جائیں ۔ یاد رہے کہ اسلام آ باد میٹرو بس پراجیکٹمسلم لیگ ن نے اپریل 2017میں شروع کیا تھا اور تکمیل کے قریب تھا کہ ان کی مدت ختم ہوگئی ۔ تب سے یہ پراجیکٹ تعطل کا شکار ہے اور شہری اسے مکمل کرنے کا مطالبہ کرتے چلے آ رہے ہیں ۔