چھوٹےبھائی کے قتل ، بھتیجی زخمی کرنے کے ملزم کو سزائے موت

February 28, 2021

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی مظفر نواز ملک نے چھوٹے بھائی کو قتل اور بھتیجی کو شدید زخمی کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم کو سزائے موت اور تیرہ سال قید کے علاوہ ہرجانے اور جرمانے کی سزا سنادی۔ کلر سیداں پولیس نے چوبیس اکتوبر 2019کو گائوں نلہ مسلماناں میں اپنے بھائی محمد شبیر کو قتل اور بھتیجی نازمی شاہین کو زخمی کرنے کے الزام میں سلطان محمود کو حراست میں لیکر مقدمہ درج کیا تھا۔ پولیس رپورٹ کے مطابق مقتول شبیر نے گھر کی مرمت کے بعد اضافی کچرا باہر پھینکا ہوا تھا جسے نازمی شاہین صاف کر رہی تھی کہ مسلح ملزم سلطان نے بھتیجی کو گالیاں دینا شروع کر دیں آواز سن کر شبیر اور اس کا بیٹا فیضان بھی باہر آگئے ۔وہاں موجود فیاض اور طاہر نے سلطان کو گالیاں دینے سے منع کیا جس پر وہ مشتعل ہوگیا اور ایک فائر بھتیجی دوسرا بھائی پر کر کے دونوں کو شدید زخمی کر دیا بعدازاں شبیر ہسپتال جاتے ہوئے راستے میں چل بسا تھا۔گزشتہ روز عدالت نے ملزم سلطان کو قتل کے جرم میں سزائے موت تین لاکھ روپے ہرجانہ، اقدام قتل پر دس سال قید ایک لاکھ روپے جرمانہ اور نازمی کو زخمی کرنے پر تین سال قید اور تیس ہزار روپے دامان ادا کرنے کا حکم دیا۔