ماڈل کورٹس میں 229مقدمات کے فیصلے،5ملزموں کو عمر قید

February 28, 2021

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) ملک بھر کی ماڈل کورٹس نے ہفتہ کے روز 229مقدمات کا فیصلہ کر کے زیرسماعت کیسز میں 132گواہوں کے بیان قلمبند کرلئے۔ ڈی جی مانیٹرنگ سیل سہیل ناصر کی رپورٹ کے مطابق ماڈل کریمینل ٹرائل کورٹس نے قتل کے 23اور منشیات کے56 مقدمات کا فیصلہ سنایا۔ اسلام آباد میں منشیات کے دو، پنجاب میں قتل کے تیرہ اور منشیات کے 22، خیبر پختونخواہ میں قتل کے پانچ منشیات کے آٹھ، سندھ میں قتل کےچار، منشیات کے بیس اور بلوچستان میں قتل کے ایک منشیات کے چار مقدمات کا فیصلہ ہوا۔ پانچ ملزمان کو عمر قید دیگر سترہ کو 26سال ایک ماہ قید اور 19لاکھ 22ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔ ماڈل سول ایپلٹ کورٹس نے مجموعی طور پر 45 دیوانی، فیملی اور رینٹ اپیلوں و درخواست نگرانی کے فیصلے کئے جبکہ ماڈل مجسٹریٹس عدالتوں نے 105مقدمات کے فیصلے سنائے۔ تمام عدالتوں نے کل 128گواہوں کے بیانات قلمبند کئے جن میں 15ملزمان کو پانچ سال سے زائد قید اور 51ہزار 200روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔