حفاظتی ماسک مزید 5 سال تک استعمال کرنا ہوگا‘ ماہرین

February 28, 2021

نیویارک (نیوز ڈیسک) برطانیہ اور امریکا کے کئی سینئر سائنس دانوں نے کہا ہے کہ اگر کورونا وائرس کا پھیلاؤ جاری رہا یا نئے وائرس نمودار ہوئے تو آئندہ برسوںمیں حفاظتی ماسک کا استعمال جاری رہے گا۔ برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق پروفیسر گراہم میڈلے کا کہنا ہے کہ حفاظتی ماسک کا استعمال شایدآ ئندہ پانچ برس کے دوران میں بطور عادت جاری رہے۔ پروفیسر گراہم لندن اسکول آف ہائجین اینڈ ٹروپیکل میڈیسن میں متعدی امراض کے ماہر ہیں۔ برطانیہ میں سینئر کنسلٹنٹ سر پیٹرک ویلنس کا کہنا ہے کہ ماسک کا استعمال ممکنہ طور پر آیندہ موسم سرما میں بھی جاری رہے گا۔ سائنس دانوں نے گمان ظاہر کیا ہے کہ ویکسی نیشن کی مہم مکمل ہونے کے بعد بھی شہریوں کو ممکنہ طور پر غیر معینہ مدت تک حفاظتی تدابیر کو اپنانا ہو گا۔