کونسلر رابرٹ الڈن سے خواجہ سلیمان،محمدغالب کی ملاقات

February 28, 2021

برمنگھم( پ ر) بھارت کے انتہا پسند ہندو وزیر اعظم نریندر موودی نے مقبوضہ کشمیر پر دائمی قبضہ کرنے کے لئے جو اقدام کئے ہیں وہ غیر قانونی اور اقوام متحدہ کی قراردادو ں کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے اور عالمی برادری کو اس کا نوٹس لینا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار کشمیر انفارمیشن سنٹر کے چیئر مین خواجہ محمد سلیمان نے برمنگھم کنزرویٹو پارٹی کے گروپ لیڈر کونسلر رابرٹ الڈن سے ایک آن لائن ملاقات میں کیا ،ملاقات میں تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب بھی شریک تھے جو کنزرویٹو پارٹی کے برمنگھم میں اہم رکن ہیں، خواجہ سلیمان نے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ حالات پر کونسلر الڈن کو بریفنگ دی، کونسلر الڈن نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کاواحدحل یہی ہے کہ کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلے کرنے کا حق دیا جائے ، بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی کے یکطرفہ اقدام سے خطہ کا امن تباہ وبرباد ہو جائے گا اور اس سے عالمی امن کو خطرہ ہے۔ محمد غالب نے کونسلر الڈن کو بتایا کہ برطانوی حکومت کی کشمیر پالیسی یہی تھی کہ پاکستان اور بھارت بات چیت کے ذریعے اس مسئلہ کو حل کرنے کی کوشش کریں لیکن نریندر مودی کے اقدام سے یہ راستہ بند ہو گیا ہے اب برطانیہ میں بسنے والے کشمیری یہ امید لگائے بیٹھے ہیں کہ برطانوی حکومت اس دیرنہ مسئلے کو حل کرنے کیلئے بھارت پر دبائوڈالے گی اور اس مسئلہ کو اقوم متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کرنے کوشش کرے گی۔ کونسلر الڈن نے وفد کو یقین دلایا کہ کنزرویٹو گروپ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کرتا ہے اور وہ نئی صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے برطانوی فارن سیکرٹری ڈومینک راب کو خط لھکیں گے اور کشمیری کمیونٹی کی تشویش سے آگاہ کریں گے۔