ممالک کے درمیان تقسیم روکی جائے ،آئی ایم ایف

February 28, 2021

واشنگٹن (شِنہوا)بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جورجیوا نے حکومتوں پر زور دیا کہ وہ کوویڈ-19 وبا کی صورتحال سے باہر نکلتے ہوئے ممالک کے درمیان اور ان کے اندرخطرناک تقسیم کو روکنے کے لئے سخت پالیسی اقدامات اٹھائیں۔ایسے موقع پر جب گروپ 20 کے وزرائے خزانہ اور مرکزی بینکوں کے گورنرز کی رواں ہفتے ورچوئلی ملاقات ہوئی، جورجیوا نے ایک بلاگ میں لکھا کہ وائرس کی نئی اقسام کے پھیلنے کے باوجود دنیا کے اکثرممالک کو ویکسین ملنے کا عمل سست روی کا شکارہے اور ممالک اور خطوں میں بحالی کے امکانات میں خطرناک حد تک فرق دیکھا جارہا ہے۔آئی ایم ایف کی سربراہ نے کہا کہ اس بات کابڑا خطرہ موجود ہے کہ ترقی یافتہ ممالک اور چند ابھرتی ہوئی مارکیٹیں وبا سے تیز رفتاری کے ساتھ بحال ہوجائیں اور اکثرترقی پذیر ممالک آئندہ کئی سال تک وبا میں جکڑے رہیں۔آئی ایم ایف کے جنوری میں جاری کردہ تازہ ترین اندازے کے مطابق دنیا کی مجموعی قومی پیداوار کی رواں سال شرح 5.5 فیصد جبکہ2022 میں4.2 فیصد رہے گی تاہم اس میں بہتری کے لئے لمباعرصہ درکار ہوگا جو غیریقینی صورتحال سے اٹا ہواہے۔