شفاف سینیٹ انتخابات ناگزیر، حکومت بڑے NRO دینے جارہی ہے، اعجازالحق

February 28, 2021

پشاور(نمائندہ جنگ)پاکستان مسلم لیگ (ضیاء) کے سربراہ و سابق وفاقی وزیر اعجاز الحق نے کہا ہے چھوٹے چھوٹے این آر اوز تو بڑے دیکھے ہیں مگر اب حکومت بڑے این آراو دینے جارہی ہے شفاف سینٹ شفاف انتخابات وقت کی ضرورت ہے ،دیکھتے ہیں کہ ڈسکہ کے انتخابات کا کیا نتیجہ نکلتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پہلی مرتبہ سینٹ کے انتخابات میں تاریخی مفاہمت ہوئی ہے جبکہ حمزہ شہباز رہائی کی ٹائمنگ دیکھ کر لگتا ہے اپوزیشن جماعتوں کے لانگ مارچ سے قبل ملک میں مفاہمت کی فضا قائم ہو جائے گی دیکھتے ہیں مولانا فضل الرحمان کیا کرتے ہیں وہ چائنا ونڈو پشاور کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے باچیت کر رہے تھے اس موقع پر سابق جنرل(ر) حمید گل کے فرزند اور چیئرمین تحریک جوانان پاکستان عبد اللہ گل بھی انکے ہمراہ تھے ۔

انہوںنے کہاکہ پہلے اپوزیشن بہت چلا رہی تھی اب مفاہمت کی باتیں کر رہی ہیں انہوں نے کہاکہ چوہدری پرویز الٰہی نے بہت اچھا کام کیاہے حمزہ شہباز کے بعد شہباز شریف بھی رہا ہو جائیں گے دونوں جماعتیں بھرپور طریقے سے رابطے میں ہیں حکومت اب عوامی مسائل پر توجہ دے انہوںنے ایک سوال کے جواب میںکہا کہ ڈھائی سال گزر جانے کے بعد بھی عوام مسائل سے دوچار ہیں جیتنے ریفارمز لے آئیں تھوڑی بہت گڑ بڑ ہو گی۔

انہوں نے کہاکہ مجھ سے بھی یوسف رضا گیلانی کا رابطہ ہوا ہے اور رابطے رکھنا سیاست میں کوئی نئی بات نہیں اسلام آباد کی ایک سینٹ کی نشست کے بارے میں انہوںنے کہاکہ حکومت کے لئے یہ نشست جیتنا کسی چیلنج سے کم نہیں ہے اگر حکومت یہ سیٹ ہار گئی تو وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کی راہ بھی ہموار ہو گی ۔

انہوں نے آج ہی کے دن 27 مارچ2019 کو بھارتی طیارہ گرنے پر پاک فضائیہ کو مبارک باد دیتے ہوئے کیا کہ ہمیں پاک فضائیہ پر فخر ہے آج پوری قوم کے لیے فخرکا دن ہے۔