2021ء ، ایئرلائنوں کو 75 ارب ڈالر کا نقصان متوقع

February 28, 2021

کراچی (اسد ابن حسن) انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (آئی اے ٹی اے) نے ایک رپورٹ تیار کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ 2021ء ایئرلائن انڈسٹری کے لیے مزید تباہی لائے گا اور تقریباً 75ارب ڈالر کا انڈسٹری کو نقصان متوقع ہے جبکہ نومبر 2010ء کو یہ تخمینہ 48ارب ڈالر لگایا گیا تھا۔ انڈسٹری کا رواں برس کی چوتھی سہ ماہی کے نقصان کا تخمینہ 7سے 16ارب ڈالر ہوگا جبکہ اس برس کی پہلی سہ ماہی کا خسارہ بھی لگائے گئے اندازے کے مطابق اس سے کہیں زیادہ ہوگا۔ کووڈ19-کی وجہ سے مختلف ممالک کی حکومتوں نے جو سخت پالیسیاں لاگو کی ہیں اس کی وجہ سے 2019ء کے مقابلے میں رواں برس فروری کے مہینے میں ٹکٹوں کی بکنگ 78فیصد کم ہے۔ آئی اے ٹی اے کے ڈائریکٹر جنرل الیگزینڈر ڈی جینیاک کا کہنا ہے کہ حکومتوں کو ایئرلائنوں کو بند ہونے کے خدشے کے تناظر میں مالی مدد کرنا پڑے گی۔