کراچی آج ملک کا سب سے زیادہ محروم شہر ہے، حافظ نعیم الرحمٰن

March 01, 2021

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ شہر قائد آج ملک کا سب سے زیادہ محروم شہر ہے، صوبائی حکومتوں اور حکمران پارٹیوں نے تین کروڑ سے زائد عوام کو مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا ہے، جو شہر ملک کو 70فیصد ریونیو اور صوبے کے بجٹ کا تقریباً90فیصد رونیو فراہم کرتا ہے اس کے ساتھ مسلسل زیادتی اور حق تلفی ظلم کی انتہا ہے۔پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم نے کراچی کے لئے کچھ نہیں کیا”حقوق کراچی تحریک“ کے سلسلے میں اتوار 14مارچ کو شاہراہ فیصل پر قائد آباد سے گورنر ہاؤس تک ”حق دو کراچی ریلی“ نکالی جائے گی اور گورنر ہاؤس پر ہی آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز نیو ایم اے جناح روڈ پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مظاہرے سے نائب امیر کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی نے بھی خطاب کیا۔ حافظ نعیم نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ کراچی میں دو بارہ مردم شماری کرائی جائے، کوٹہ سسٹم ختم کیا جائے، کراچی کے ہزاروں تعلیم یافتہ نوجوانوں کو سرکاری ملازمتوں میں ان کا حق دیا جائے، ان کو سندھ حکومت اور مقامی اداروں میں ترجیحی بنیادوں پر ملازمتیں دی جائیں، کراچی میں با اختیار شہری حکومت کے لیے موجودہ لوکل باڈی ایکٹ ختم کر کے فوری طور پر بلدیاتی انتخابات کا اعلان کیا جائے، کے الیکٹرک کا 15سال کا فارنزک آڈٹ کیا جائے اور قومی اداروں اور عوام کے اربوں روپے واپس کروائے جائیں۔ پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم نے کراچی کے مفادات کے خلاف اتحا د کیا ہوا ہے،یہ سب مل کر عوام کو بلدیاتی انتخابات سے محروم رکھنا چاہتے ہیں، وفاقی حکومت نے پہلے 162ارب روپے کے پیکیج کا اعلان کیا، پھر 1100ارب روپے کا اعلان کیا گیا، مگر ابھی تک کراچی کے عوام کے لئے کوئی منصوبہ مکمل نہیں ہوا۔ حافظ نعیم نے کہا کہ نواز لیگ کے دور میں مردم شماری میں اہل کراچی کے ساتھ بہت بڑا دھوکہ کیا گیا، پیپلز پارٹی بھی اس پر اعتراض تو کرتی ہے، لیکن عملاًکچھ کرنے کے لئے تیار نہیں، پی ٹی آئی بھی کہتی ہے کہ مردم شماری درست نہیں لیکن پھر بھی غلط مردم شماری کو اس نے وفاقی کابینہ سے منظور کرایا اورایم کیو ایم بھی اس میں شریک ہے۔