نیو کراچی، میاں بیوی کے اندھے قتل کا معمہ حل، ملزم گرفتار

March 01, 2021

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) نیو کراچی پولیس نے میاں بیوی کے اندھے قتل کا معمہ حل کر لیا۔پولیس نے مقتول جمیل اور اسکی بیوی فرحت کے قاتل کو گرفتارکر لیا۔پولیس کے مطابق ملزم محمد رفیع ولد محمد جان حیات نے دوران تفتیش قتل کا اعتراف کر کے آلہ قتل بھی برآمد کروادیا۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم رفیع کی الیکٹریشن کی دوکان تھی جسمیں مقتول جمیل کا بیٹا اقبال کام کرتا تھا جہاں دونوں کی دوستی ہوئی۔مقتول جمیل نے ملزم رفیع کو 14 لاکھ روپے سود پر مختلف وقتوں میں دئیے جسکا 72 ہزار روپے ماہانہ وصول کرتا تھا۔ملزم نے بتایا کا کاروباری نقصان کے بعد 72 ہزار ماہانہ دینا دشوار ہوگیا تھا جس پر مقتول اسے تنگ کرتا اور پیسوں کا تقاضہ کرتا تھا اس لئیے اس نے تنگ آکر جمیل کے قتل کا منصوبہ بنایا۔ 17 فروری کو ملزم پیسوں کی ادائیگی کے لیے مقتول کے گھر گیا جہاں جیکٹ میں چھپائی ہوئی ہتھوڑی سے مقتول کے سر پر 2/3 وار کرکے قتل کردیا۔اسی اثناء میں مقتول کی بیوی فرحت موقع پر پہنچ گئی ملزم نے اسے بھی ہتھوڑی کے وار سے قتل کردیا۔ملزم نے میاں بیوی کو قتل کرنے کے بعد مقتول کی حساب کی ڈائری اور دیا گیا چیک اور موبائل فونز اٹھا کر فرار ہوگیا، بعد ازاں ڈائری کو جلا دیا اور آلہ قتل اپنے فلیٹ کے قریب نالے میں پھینک دیا۔پولیس نے مقدمہ الزام نمبر 133/2021 دفعہ 302 ت پ درج کرنے کے بعد ایس پی گلبرگ، ایس ڈی پی او نیو کراچی انڈسٹریل ایریا، ایس آئی او نیو کراچی اور ایس ایچ او نیو کراچی پر مشتمل ٹیم تشکیل دی جس نے اندھے قتل کا معمہ حل کر لیا۔