مختلف حادثات میں دو بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق، دو زخمی ہوگئے

March 01, 2021

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )گڈاپ سٹی تھانے کی حدود سپرہائی وے ایدھی ولیج کے قریب کارتیز رفتاری کے باعث الٹ گئی جس کے نتیجے میں باپ بیٹوں سمیت تین افراد زخمی ہوگئے،زخمیوں کو کار سے نکال کر اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ 5 سالہ بچے غلام حسین نے راستے میں دم توڑ دیا جبکہ متوفی کے والد ریحان اور 3 سالہ بھائی ابراہیم کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔ سپرہائی وے پر 45 سالہ شفیق احمد سڑک عبور کرتے ہوئے نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر جاں بحق ہوگیا ،کورنگی سنگر چورنگی کے قریب تیز رفتار گاڑی راہگیر کو ٹکر مارتے ہوئے فرار ہوگئی ، متوفی کی لاش جناح اسپتال منتقل کی گئی ، پولیس کے مطابق متوفی کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی ۔ لانڈھی شیر پائو کالونی میں گھر کے اندر 5 سالہ محمد رضوان ولد محمد سعید کے اوپر دیوار گر گئی جسکے نتیجے میں رضوان نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔سرجانی ٹاون کے علاقے سیکٹر فور بی گھر میں کام کے دوران کرنٹ لگنے سے 35سالہ محمد ہاشم جاں بحق ہوگیا۔