ڈسکہ الیکشن اور بکسہ

March 01, 2021

تحریر:ہارون مرزا۔۔۔راچڈیل
الیکشن کمیشن پاکستان کی طرف سے این اے 75 ڈسکہ کے پورے حلقے میں دوبارہ انتخابات کا حکم دیا جا چکا ہے جس کے بعد ایک بار پھر سیاسی جماعتوں میں لفظی گولہ باری کا سلسلہ عروج پر پہنچ گیاہے ،انتخابات کے فورا بعد پیدا ہونے والے مسائل اتنے گمبھیر ہو گئے کہ اب ان کا حل صرف الیکشن ہی نظر آتا ہے، تحریک انصاف اور ن لیگ کے وکلا ء کی طرف سے اپنا اپنا موقف پیش کیا گیا سنگین الزامات سامنے آنے کے بعد چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ عام انتخابات میں بھی فارم 45 کا مسئلہ سامنے آیا تھاتاہم ضمنی انتخابات میں الیکشن کمیشن کو فارم 45 نہ ملنے کی شکایت نہیں آئیں، چیف الیکشن کمشنر نے حلقہ این اے 75 ڈسکہ سے متعلق سماعت پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے حکم دیا کہ پورے حلقے میں دوبارہ الیکشن کرائے جائیں یوں الیکشن ایکٹ کی شق 9 کے تحت الیکشن کو کالعدم قرار دے کر 18مارچ کو دوبارہ الیکشن کرایا جا رہا ہے، ڈسکہ میں قومی اسمبلی کی نشست این اے 75کے ضمنی الیکشن میں بعض پولنگ اسٹیشنوں کے متنازع نتائج کی ابتدائی تحقیقات کے دوران الیکشن کمیشن کی تین رکنی انکوائری کمیٹی کے روبرو انتخابی عملے کے بیانات ریکارڈ کئے گئے جن سے معاملے میں الجھائو ختم ہونے کی بجائے مزید بڑھ گیاڈسکہ میں دوبارہ الیکشن کے حکم کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے خلاف سڑکوں پر احتجاج کرنے والے آج اس کے حامی بن گئے اپوزیشن کی سیاسی منافقت ہر گزرتے دن کے ساتھ عیاں ہو رہی ہے، کل تک الیکشن کمیشن کے خلاف سڑکوں پر احتجاج کرنے والے آج اس ادارے کے حامی بن گئے ہیں بار بار موقف بدلنا اور اپنے ہی بیانیے کی نفی کرنا اپوزیشن کی پہچان بن گیا ہے، اپوزیشن کیلئے وہی فیصلے قابل قبول ہیں جو ان کی مرضی کے مطابق ہوں جب الیکشن جیتے تو شفاف اور منصفانہ ، ہار گئے تو دھاندلی کا واویلا مچاتے ہیں، ثابت ہوا کہ عمران خان کے دور میں الیکشن کمیشن آزاد ، خودمختار اور فعال ہے، دوسری طرف بازگشت سنائی دے رہی ہے کہ این اے 75 ڈسکہ میں دوبارہ الیکشن کرانے کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف حکومت نے اپیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی ترجمانوں کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ علی اسجد الیکشن کمیشن کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے ۔وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ڈسکہ ضمنی الیکشن پر الیکشن کمیشن کے فیصلے پر ہمارے تحفظات ہیں فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل کریں گے فاتح امیدوار کو حلقے کی نمائندگی سے روکنا سمجھ سے بالا تر ہے۔الیکشن میں دو افراد کے قتل کے بعد لوگوں میں خوف وہراس بھی پایا جاتا ہے مگر اس الیکشن کو لے کر وہ سنجیدہ بھی ہیں، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے چیف سیکرٹری پنجاب اور انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کو ضمنی انتخابات کے دوران اپنے فرائض سے غفلت برتنے پر چار مارچ 2021 کو طلب کر لیا ہے ،الیکشن کمیشن نے کمشنر گوجرانوالہ ڈویڑن اور آر پی او گوجرنوالہ رینج کو ان کے موجودہ عہدوں سے تبدیل کر کے گوجرنوالہ ڈویژن سے باہر بھیجنے کی ہدایت کی ہے، الیکشن کمیشن نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو حکم دیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ اور اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ کو معطل کیا جائے فیصلے کے بعد مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے ڈسکہ کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ٹویٹ کی کہ نواز شریف کے بیانیے کی گونج پورے ملک میں سنائی دے رہی ہے، ووٹ کو عزت دو ڈسکہ کے عوام کا شکریہ کہ نا صرف ووٹ دیا بلکہ ووٹ پر پہرہ بھی دیا اور ووٹ چوروں کو رنگے ہاتھوں پکڑ کر قانون کے حوالے کر دیا خونی انتخابات میں دو قیمتی جانوں کا ضیاع اپنی جگہ داستان چھوڑ گیا اب دیکھنا یہ ہے کہ ڈسکہ کے عوام اٹھارہ مارچ کو دوبارہ پولنگ میں کسے مقدر کا سکندر ٹھہراتے ہیں ۔