نعروں اور دعوئوں سے احساس محرومی ختم نہیں ہوگا‘جمعیت ن

March 01, 2021

کوئٹہ(آن لائن )جمعیت علماء اسلام نظریاتی پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات حاجی عبدالستار چشتی، نائب امیر مولانا محمدحیات ،صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری حاجی عبیداللہ حقانی ودیگر نے کہاہے کہ سی پیک سے بلوچستان کی ترقی بلند وبانگ دعوئوں تک محدود رہی اور زیادہ تر منصوبوں کی افادیت سے محروم رکھا گیا۔ سی پیک بالخصوص اسکے مغربی روٹ پر وفاق کی بدنیتی کا تسلسل ختم نہیں ہوا۔ سی پیک سے اس ملک کی تقدیر اس وقت تک بدل نہیں سکتی جب تک ان منصوبوں میں بلوچستان کوشامل نہ کیا جائے۔ سی پیک بلوچستان اور پاکستان کیلئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے مگر افسوس بلوچستان کو ہر دور میں وفاقی حکومتوں کی جانب سے ناانصافیوں کے تسلسل کا سامنا کرنا پڑا اور یہ سلسلہ آج تک جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے احساس محرومی کے خاتمے کے دعوے اور وعدے تو بہت ہوئے لیکن عملی اقدامات آج تک نہیں ہوئے، عوام کو ترقی اور محرومی کے خاتمے کی خوشخبریاں سابقہ حکومتیں بھی سناتی رہیں، بلوچستان 70سال سے بنیادی سہولیات سے محروم ہے ۔ صوبے کے عوام کا احساس محرومی دور کرنے کی بجائے ان میں اضافہ کیاگیا‘ صرف نعروں اور وعدوں سے بلوچستان کا احساس محرومی ختم نہیں ہوگا۔