زارا نعیم ’پاوری گرل‘ کیساتھ موازنے پر ناخوش

March 01, 2021

دنیا بھر میں اے سی سی اے کے امتحان میں ٹاپ کرنے والی زارا نعیم اپنا موازنہ مختصر سی ویڈیو کے ذریعے سوشل میڈیا اسٹار بننے والی دنانیر مبین سے کرنے پر نا خوش ہیں۔

زارا نعیم نے حال ہی میں ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم شو میں بطور مہمان شرکت کی اور خود سے متعلق پوچھے گئے متعدد سوالات کے جوابات دیئے۔

زارا نعیم کے اس انٹرویو کا ایک مختصر سا کلپ سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہا ہے جس میں وہ عوام کی جانب سے اپنا اور دنا نیر مبین کا موازنہ کیے جانے پر کافی ناخوش نظر آ رہی ہیں۔


زارا نعیم کا دنانیر اور اپنے موازنے سے متعلق بات کرتے ہوئے کہنا ہے کہ ’ وہ اس موازنے پر کافی مایوس ہیں، وہ اپنے اور دنانیر کے موازنے پر خوش نہیں ہیں، اُن کے اور دنانیر کے وائرل ہونے میں اس موازنے نے بھی بڑا کردار ادا کیا ہے لیکن یہ بہت غلط ہے۔‘

زارا نعیم کا کہنا تھا کہ ’اُنہیں یہ موازنہ غلط لگا اور یقیناً دنانیر کو بھی غلط لگا ہوگا، موازنہ برابری پر کیا جاتا ہے، جب دو چیزیں بالکل مختلف ہوں تو آ پ موازنہ نہیں کر سکتے، اس موازنے کا کوئی سر پیر نہیں ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ موازنہ اُن کے لیے حوصلہ شکنی کے مترادف ہے، کیوں کہ کچھ افراد اُن کے حق میں ہیں اور کچھ دنانیر کے حق میں ہیں۔‘

زارا نعیم کا کہنا تھا کہ ’اُن میں تنقید برداشت کرنے کی صلاحیت موجود ہے مگر جب مثبت تنقید ہو تو ٹھیک ہے اگر منفی تنقید ہوتو یہ بہتر نہیں ہے۔‘