وزیراعظم عمران خان کے ظہرانے کی اندرونی کہانی

March 02, 2021

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ارکان اسمبلی کے اعزاز میں ظہرانے کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

ذرائع کے مطابق ظہرانے میں تحریک انصاف، مسلم لیگ ق، ایم کیو ایم کی قیادت نے شرکت کی۔

عمران خان کے ظہرانے میں گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے)، بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی)، جمہوری وطن پارٹی کی قیادت بھی شریک ہوئی۔

پی ٹی آئی نے یوسف رضا گیلانی کے خط کو مسترد کرکے بھرپور جواب دینے کا فیصلہ کیا ہے۔


ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ چوروں کے ساتھ مقابلہ ہے، جیت ہماری ہی ہو گی، محض کرپشن کی وجہ سے اپوزیشن سے ہاتھ نہیں ملایا۔

عمران خان نے اتحادیوں سے استفسار کیا کہ آپ بتائیں کرپٹ لوگوں سے کیسے این آر او کرلیں؟ عمران خان نے کہا کہ عدلیہ کو بھی علم ہے کہ ووٹ چوری ہوتے ہیں، میں نے پوری کوشش کی تھی کہ سینیٹ انتخابات میں شفافیت لائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ہر بحران میں سرخرو ہوئے ہیں، قرضوں میں جکڑا ملک ملا، معاشی بحران کی وجہ ہی یہ تھی، کہتے تھے ڈالر 250 تک پہنچ جائے گا، ہم نے روپے کی قدر کو مستحکم کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اگلے ڈھائی سال جم کر حکومت کریں گے، اگلا ٹارگٹ عوام کے مسائل حل کرنا ہے، ملائیشیا میں بھی مہاتیر محمد کے بعد نواز شریف جیسا انسان آیا تو کرپشن عروج پر تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے دوران تقریب کراچی کے ایم این ایز اور سندھ منحرف ایم پی ایز کو بھی مخاطب کیا اور کہا کہ آج ان تین اراکین کا ضمیر جاگا ہے؟ اس سے قبل ان ایم پی ایز کو یہ مسائل یاد نہیں تھے؟