بھارت میں ٹی 20 ورلڈ کپ سے پاکستان کا کوئی لینا دینا نہیں، احسان مانی

March 03, 2021

کولکتہ(جنگ نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی نے اپنے ایک خصوصی انٹرویو میں پی ایس ایل کے حوالے سے کہاکہ پاکستان نے اعتماد سازی کے ذریعہ غیر ملکی کرکٹرز پر ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان مکمل طور پر ایک محفوظ ملک ہے۔ اسی لئے پی ایس ایل کو بتدریج پاکستان منتقل کیا گیا۔ ایک سوال کے جواب میں احسان مانی نے کہاکہ بھارت میں منعقد ہونے والے ٹی۔20ورلڈ کپ سے پاکستان کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ پی ایس ایل کے حوالے سے اس وقت تشویش پیدا ہو گئی تھی جب آئی ایم جی نے میچوں کی نشریات سے اپنا ہاتھ کھینچ لیا تھا۔ لیکن ہم نے ٹورنامنٹ کو نہیں روکا۔ گزشتہ سال کورونا وائرس کی وجہ سے سخت ترین پابندیوں اور رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے باوجود ٹورنامنٹ مکمل کیا گیا۔ اب میچوں کے لئے تماشائیوں کی گنجائش 50 فیصد تک بڑھا دی گئی ہے۔ اس میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ رواں سال بولی کے لئے 100 غیر ملکی کھلاڑیوں نے خود کو رجسٹرکرایا۔ جس میں 35 سے 40 کرکٹرز منتخب کئے گئے انہوں نے کہاکہ پی ایس ایل کی وجہ سے پاکستان میں بہترین ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آیا ہے۔