پاکستانی ملبوسات کمپنی کی تشہیری مہم میں پہلی بار فربہ ماڈل شامل

March 03, 2021

کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستانی ملبوسات کے برانڈ نے پہلی بار فربہ خواتین کے لیے نئی ملبوسات متعارف کراتے ہوئے اپنی تشہیری مہم میں بھی فربہ ماڈل کو شامل کیا ہے، جس کی وجہ سے اس کی تعریفیں کی جا رہی ہیں۔ فیشن برانڈ نے فربہ خواتین کے لیے نئی ملبوسات متعارف کراتے ہوئے اضافی وزن کی حامل ماڈل کو بھی تشہیری مہم میں پیش کیا۔ کمپنی نے جہاں پہلی بار اپنی تشہیری مہم میں فربہ ماڈل کو پیش کیا، وہیں کلاتھنگ برانڈ نے مذکورہ ماڈل کو سلم و سمارٹ ماڈل کے ساتھ بھی ملبوسات کی تشہیر میں دکھایا۔ اگرچہ یہ پہلا موقع ہے کہ کسی بڑے کلاتھنگ برانڈ کی جانب سے فربہ ماڈل کو تشہیری مہم میں پیش کیا گیا تاہم اس سے قبل بھی فیشن برانڈز ملبوسات کی تشہیر کے لیے گہری رنگت سمیت زائد العمر خواتین کو بھی پیش کرتے رہے ہیں۔ کمپنی کی جانب سے فربہ ماڈل کو تشہیری مہم میں دکھانے اور اضافی وزن کی خواتین کے لیے دیدہ زیب ملبوسات متعارف کرائے جانے پر اس کی تعریفیں بھی کی جا رہی ہیں۔