سینیٹ انتخابات، سخت مقابلے، غیرمتوقع نتائج متوقع

March 03, 2021

اسلام آباد(تجزیہ: طارق بٹ) آج سینیٹ انتخابات میں متوقع سخت ترین مقابلوں میں حیران کن اور غیر متوقع نتائج کے امکان کو رد نہیں کیا جاسکتا۔ ان نتائج کی بنیاد پر ہی ایوان بالا کے آئندہ چیئرمین کا فیصلہ ہوگا۔ انتخابات میں ڈیفیکشن (انحراف) کی شق لاگو نہیں ہوگی جس طرح سے بڑی پارلیمانی جماعتوں کی جانب سے جو پرجوش لابنگ کی جارہی ہے ۔

اس طرح الیکٹورل کالج میں عددی قوت کسی بھی فریق کے حق میں جاسکتی ہے۔

حکمراں اتحاد کی نمائندگی کرنے والے کچھ ووٹرز نے کھل کر غیر متوقع انتخابی نتائج کا امکان ظاہر کیاہے۔ خفیہ رابطوں کے سلسلےبھی جاری ہیں۔ تاہم تمام تر نگاہیں وفاقی دارالحکومت سے سینیٹ کی نشست پر مرکوز ہیں۔ جہاں وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کا مقابلہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے ہے۔

گیلانی اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار ہیں سرکاری اعداد و شمار کے مطابق حکمراں جماعت کے امیدوار عبدالحفیظ شیخ کو گیلانی پر تقریباً 20ووٹوں کی فوقیت حاصل ہے۔

اگرحکمراں اتحا د اور پی ڈی ا یم اپنی حقیقی عدد ی قوت کے اعتبار سے نشستیں حاصل کرتے ہیں توایسی صورت میں اپوزیشن کو دو ووٹوں کی برتری حاصل رہے گی۔ ووٹنگ کا عمل خفیہ ہونے کی صورت میں بھی غیر متوقع نتائج کی توقع کی جارہی ہے۔