علی حیدر گیلانی نے ویڈیو صحیح مان لی،تحقیقات ہونی چاہئے، تجزیہ کار

March 03, 2021


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان علینہ فاروق شیخ کے پہلے سوال سینیٹ انتخابات ، حکومت اور اپوزیشن دونوں متحرک، سینیٹ انتخابات میں کس کا پلڑا بھاری ہوگا؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نےکہا کہ علی حیدر گیلانی نے ویڈیو صحیح مان لی ہے اس کی تحقیقات ہونی چاہئے،حفیظ شیخ سینیٹ انتخاب میں 172ووٹ حاصل نہیں کرسکے تو حکومت جیت کر بھی ہار جائے گی،حامد میر نے کہا کہ علی حیدر گیلانی کی مبینہ ویڈیو میں آواز ہے مگر کسی کی شکل نظر نہیں آرہی ہے، الیکشن کمیشن کو اس ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کرنی چاہئے، الیکشن کمیشن نے ویڈیو کا نوٹس لیا تو اپوزیشن بھی کچھ ایسی شکایات منظرعام پر لاسکتی ہے جس سے طوفان بپا ہوسکتا ہے، اپوزیشن نے متعلقہ حلقوں کو چار پانچ لوگوں کے بارے میں شکایت پہنچادی ہے ، ویڈیو کی وضاحت علی موسیٰ گیلانی کو نہیں بلکہ یوسف رضا گیلانی کو کرنی چاہئے، سینیٹ میں کراچی کنگز اور لاہور قلندرز جیسا میچ ہوگا۔ حامد میر کا کہنا تھا کہ حفیظ شیخ سینیٹ انتخاب میں 172ووٹ حاصل نہیں کرسکے تو حکومت جیت کر بھی ہار جائے گی، حفیظ شیخ 172ووٹ حاصل نہیں کرپائے تو مطلب ہوگا وزیراعظم کے پاس اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کیلئے درکار ووٹ موجود نہیں ہیں، اپوزیشن اس صورتحال میں وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا سوچ سکتی ہے۔ حامد میر نے کہا کہ ایم کیو ایم شروع میں حکومت کیخلاف جارہی تھی لیکن پھر ان پر دباؤ آیا، جن لوگوں نے دباؤ ڈالا ہے ان کا نام اور عہدہ اپوزیشن کے پاس موجود ہے۔