سرکاری زمین پر قبضے پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے، سندھ ہائیکورٹ

March 03, 2021

حیدرآباد (بیورو رپورٹ) سندھ ہائی کورٹ حیدرآباد سرکٹ بنچ نے شہر کے تمام علاقوں سے تجاوزات کے خاتمے کیلئے جاری مہم کے حوالے سے منگل کو حکم دیا ہے کہ تجاوزات کے خلاف مہم جاری رکھی جائے اور ایک انچ سرکاری زمین پر بھی قبضے کی اجازت نہ دی جائے اور نہ اس پر کوئی سمجھوتہ کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر اور میونسپل کمشنر حیدرآباد نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ شہر بھر سے 40فیصد تجاوزات کا خاتمہ کردیا ہے‘ بقیہ 60فیصد تجاوزات کے خاتمے کیلئے مہلت دی جائے۔ عدالت نے تجاوزات کے خاتمے کے بعد سرکوں کی تعمیر کیلئے فنڈز کی کمی کی شکایت پر ایڈیشنل سیکریٹری فنانس کو آئندہ سماعت پر طلب کرکے سماعت 10 مارچ تک کے لئے ملتوی کردی ہے۔ منگل کو سندھ ہائی کورٹ میں وقار ٹاؤن کے رہائشی افراد کی جانب سے دائر کردہ تجاوزات کے خلاف کارروائی کی درخواست کی سماعت کے موقع پر ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو‘ میونسپل کمشنر بلدیہ حیدرآباد محمد علی شیخ‘ ایس ایس پی حیدرآباد‘ اسسٹنٹ کمشنر و دیگر افسران پیش ہوئے۔