ضمیروں کے سوداگر کو آج شکست ہوگی، فیصل جاوید خان

March 03, 2021


پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سینیٹر فیصل جاوید خان نے کہا ہے کہضمیروں کے سوداگر کو آج شکست ہوگی،فتح، انصاف، عمران خان اور عوام کی ہوگی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل جاوید خان نے کہا کہ ہم سب کو اپنے گریبانوں میں جھانکنا ہے، یہ معاشرہ کدھر جارہا ہے۔

فیصل جاوید خان نے کہا کہ ہم نے مدینے کی ریاست بنانی ہے اور اس پر عمل بھی کرنا ہے کیونکہ بدقسمتی سے ہمارے ہاں کرپشن اور رشوت عام ہوگئی ہے۔

اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ جو ویڈیوز ہیں یہ بتاتی ہیں کہ کیوں عمران خان اکیلے کھڑے رہے۔

سینیٹر فیصل جاوید خان نے مزید کہا کہ عمران خان کہتے ہیں اوپن بیلٹ اور شفافیت ہونی چاہیے اور ہارس ٹریڈنگ کا خاتمہ ہونا چاہیے۔

واضح رہے کہ ایوان بالا سینیٹ کی 37 نشستوں کے لیے انتخابی میدان سج گیا۔

اسلام آباد کی 2، خیبر پختونخوا کی 12، سندھ کی 11 اور بلوچستان کی 12 نشستوں پر ووٹ ڈالے جا رہے ہیں جبکہ پنجاب کی تمام 11نشستوں پر امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔

قومی اسمبلی میں پہلا ووٹ حکومتی جماعت پی ٹی آئی کے میاں شفیق آرائیں نےکاسٹ کیاجبکہ دوسرا ووٹ وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے ڈالا، بلاول بھٹو زرداری بھی ووٹ ڈالنے کیلئے پولنگ اسٹیشن میں موجود ہیں۔