پارلیمان میں مل کر مقابلہ کرنا ہے، حمزہ شہباز

March 07, 2021


پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ صرف پارلیمنٹ میں عددی اکثریت کا کھیل نہیں، عوام کے مسائل ہمارا ایجنڈا نمبر ون ہیں۔ پارلیمان میں مل کر مقابلہ کرنا ہے عوام کو بھی ساتھ لے کر چلنا ہے۔

لاہور میں بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ تین سال میں جو اس ملک کا حشر ہوا ہے، مہنگائی آسمان کو چھورہی ہے، عوام دوائی کو ترس رہے ہیں، کوڑے کے انبار لگے ہیں، کپاس اور گندم کی پیداوار کم ترین ہے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ بلاول سے کافی معاملات پر ہماری گفتگو ہوئی اور بلاول بھٹو زرداری کو اپنے گھر میں دیکھ کر خوشی ہوئی، ان کی والدہ کی بہت قدر کرتا ہوں، وہ بہت دلیر عورت تھیں۔

قائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی نے کہا کہ قوم نے دیکھا 2018 کے انتخابات میں جہازوں میں بھر بھر کر اراکین کو لے جایا گیا، ضمنی انتخابات میں عوام نے اس تبدیلی کے نعرے کو دفن کردیا۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ ایک پائی کرپشن ثابت نہیں ہوسکی نہ نواز شریف کے خلاف نہ شہباز شریف کے خلاف، خان صاحب ایک سانس میں ریاست مدینہ کی باتیں کرتے ہیں، مگر غریب کی جھونپڑی بھی گرادیتے ہیں۔