برسلز : روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ پر ویبنار، سفیر پاکستان اور بینکرز کا خطاب

March 07, 2021

برسلز میں قائم سفارت خانہ پاکستان کے زیر اہتمام اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اشتراک سے "روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ" (آر ڈی اے) پر ایک ویبنار کا اہتمام کیا گیا۔

یہ ویبنار آر ڈی اے اسکیم کی خصوصیات اور فوائد کے بارے میں بیلجیم اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی میں شعور بیدار کرنے کے لیے ترتیب دیا گیا تھا۔

ویبنار سے بیلجیم، لکسمبرگ اور یوروپی یونین میں پاکستان کے سفیر ظہیر اے جنجوعہ، ایچ بی ایل کے چیف آپریٹنگ آفیسر صغیر مفتی اور اسٹیٹ بینک کے منیجنگ ڈائریکٹر سید عرفان علی نے خطاب کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سفیر پاکستان ظہیر جنجوعہ نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کو حکومت کا ایک بروقت اقدام قرار دیا ، جو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بینکاری کی ایک مکمل رینج کی فراہمی کے ذریعے پاکستانی بینکاری اور ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام میں ضم کر رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس اقدام سے پچھلے 5 ماہ کے دوران دنیا بھر میں 94000 اکاؤنٹ کھولے گئے۔ جن کے ذریعے 500 ملین امریکی ڈالر سے زیادہ کی ترسیلات زر کی گئی ہیں۔

سفیرِ پاکستان نے مزید کہا کہ رواں مالی سال (2020-21) کے پہلے سات ماہ کے دوران بیلجیم اور لکسمبرگ سے ترسیلات 305.6 فیصد اضافے کے بعد 136.4 ملین امریکی ڈالر تک جا پہنچی ہیں۔

سفیرِ پاکستان نے ترسیلات زر کے بہاؤ میں ریکارڈ اضافے پر پاکستانی کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا اور امید کی کہ یہ رجحان آئندہ بھی جاری رہے گا۔

چیف آپریٹنگ آفیسر ایچ بی ایل صغیر مفتی نے اس اقدام کے تحت متعدد فوائد کے بارے میں بات کی۔ جبکہ منیجنگ ڈائریکٹر اسٹیٹ بینک، سید عرفان علی نے بھی روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی اہم خصوصیات اور فوائد کے بارے میں تفصیلات بیان کیں۔

اس ورچوئل تبادلہ خیال میں بیلجیم اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانی باشندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جس میں بینکر، مالیاتی ماہرین، کاروباری افراد، طلباء اور میڈیا شامل تھے۔

شرکاء نے بحث میں فعال طور پر حصہ لیا اسکیم کے بارے میں سوالات پوچھے اور اس اقدام کی تعریف کی۔

یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ اسکیم کا افتتاح ستمبر 2020 میں لاکھوں غیر مقیم پاکستانیوں کو بینکاری کی جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے کیا تھا۔