پی ایس ایل التوا: فرنچائز مالکان نے شکایات کے انبار لگادیے

March 08, 2021

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سکس کے ملتوی ہونے کے معاملے پر ہونے والے اجلاس میں فرنچائز مالکان نے شکایات کے انبار لگا دیئے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے فانچائزز مالکان کی شکایات پر یقین دہانی کرائی جبکہ اس معاملے پر ایک اور اہم اجلاس 3 روز بعد ہوگا۔

دوران اجلاس فرنچائزز نے کہا کہ ہمیں پی ایس ایل سے متعلق منصوبہ بندی میں شامل کیا گیا اور نہ ہی ہم اس سے جڑے فیصلوں میں شریک ہوئے۔


ورچوئل اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی، چیف ایگزیکٹو وسیم خان، سی او او سلمان نصیر، ڈائریکٹر کمرشل بابر حامد اور فرنچائز مالکان نے شرکت کی۔

اجلاس میں لاہور قلندرز کی نمائندگی سی ای او عاطف رانا اور سی او او ثمین رانا نے کی۔

اس موقع پر فرنچائز مالکان نے شکایات کے انبار لگا دیئے اور ساتھ ہی مطالبہ کیا کہ معاملات کا از سر نو جائزہ لیا جائے۔

فرنچائز مالکان نے کہا کہ اہم معاملات پر مشاورت نہیں کی جاتی، کوویڈ پروٹوکولز پر بھی بات نہیں کی گئی، معاملات کو دور رکھنے کی وجہ سے صورتحال خراب ہو ئی۔

چیئرمین احسان مانی نے تمام باتیں تحمل سے سنیں اور تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی، انہوں نے کہا کہ مستقبل میں شکایت کا موقع نہیں ملے گا جو ہو چکا ہے ویسا نہیں ہو گا۔

اجلاس میں پی ایس ایل کے باقی ماندہ میچز کے لئے لاہور اور راولپنڈی کے وینیوز پر بات ہوئی، دورہ جنوبی افریقا کے ملتوی ہونے کی صورت میں اس ماہ کی آخر کی ونڈو پر بھی بات ہوئی۔

اجلاس میں طے پایا کہ اس معاملے پر حتمی بات چیت اگلی میٹنگ میں ہو گی۔