پی ٹی آئی نے معاشرہ میں عدم برداشت کو فروغ دیا ہے، شازیہ مری

March 09, 2021

لندن ( پ ر ) پی ٹی آئی کی فسطائیت نے معاشرے میں عدم برداشت کو فروغ دیا ہے۔ آج کسی ماں بہن کی عزت محفوظ نہیں بلکہ عوامی نمائندوں پر بھی حملے کیے جارہے ہیں۔ غریب، کسان، مزدور مر رہا ہے مگر نااہل حکومت اپنی بادشاہت قائم کرنے میں مصروف ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین کی سیکرٹری انفارمیشن شازیہ مری نے اپنے ایک وڈیو پیغام کے ذریعے کیا۔ انہوں نے کہا عمران خان کو سینیٹ میں ایک شکست برداشت نہیں ہوئی اور اپنے پارٹی ورکرز کے ذریعے پارلیمنٹ لاجز میں غنڈہ گردی کروائی گئی۔ شازیہ مری نے کہا کہ ایک غیرآئینی اور غیر قانونی اجلاس کے دوران یہ افسوس ناک واقعہ پیش آیا جس میں ب بالخصوص خاتون ممبر مریم اورنگزیب پہ حملہ کھلی فسطائیت ہے۔ انکا یہ وڈیو بیان پیپلزپارٹی یورپ کے تحت پی ڈی ایم اوورسیز کے فیس بک پر لائیو پروگرام میں شئیر کیا گیا۔ پروگرام کے میزبان ابرار میر قائمقام صدر پیپلزپارٹی یورپ، محفوظ جان صدر عوامی نیشنل پارٹی برطانیہ، فلک نیاز خان پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی اور اقبال سندھو سیکرٹری جنرل مسلم لیگ نون برطانیہ نے پی ڈی ایم کی سینیٹ میں فتح اور پی ٹی آئی کی اخلاقی پستی کے حوالے سے نشست میں پی ٹی آئی اور حکومت پر شدید الفاظ میں تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگی رہنماؤں پر حملہ قابل مذمت ہے۔سید یوسف رضا گیلانی کی جیت نے نہ صرف 2018کے انتخابات کی دھاندلی کو بے نقاب کردیا بلکہ نااہل حکومت کو کمزور کردیا۔اوورسیز پی ڈی ایم رہنماؤں نے کہا کہ پی ڈی ایم مثبت انداز میں عوام کے مسائل کو اجاگر کرتے ہوئے آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمٰن، آصف علی زرداری، میاں نواز شریف، اسفند یار ولی، محمود خان اچکزئی اور دیگر جماعتوں کے سربراہان کو جمہوری پیش قدمی اور کامیابی پر شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ اب اس حکومت کا جانا ٹھہر گیا ہے۔ ابرار میر، محفوظ جان، فلک نیاز خان اور اقبال سندھو نے کہا کہ جمہوریت ہی پاکستان کا علاج ہے۔ آج دیار غیر میں نئی نسل پاکستان کے ان کرداروں کو نفرت کی نگاہ سے دیکھتی ہے کہ جو عوام کو جھوٹے نعروں اور جھوٹے وعدوں سے دھوکہ دیتے ہیں اور صبح شام میڈیا پر جھوٹا پروپیگنڈہ کرتے ہیں۔ پی ٹی آئی کی حکومت بری طرح ناکام ہوچکی ہے اور اب واحد حل اسمبلیاں تحلیل کرکے آزادنہ اور منصفانہ انتخابات ہیں تاکہ عوام اپنے نمائندے آزادی سے منتخب کرسکے۔