خواتین کے عالمی دن پر کونسلر قیصر عباس کی طرف سے ورچوئل پروگرام

March 09, 2021

لندن(پ ر )خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے تھرک لیبر پارٹی کے ایتھنک کمیونٹیز آفیسر و کونسلر قیصر عباس نے ورچوئل پروگرام کا اہتمام کیا۔ اس پروگرام کی انفرادیت یہ تھی کہ اس میں پروفیسرز، ڈاکٹرز، کونسلر، سٹوڈنٹس اور سیاسی و سماجی رہنماؤں سمیت پچاس سے زائد خواتین، بچوں اور مردوں نے مختلف زبانوں میں وڈیو پیغامات بھیجے اور تصاویر کے ذریعے شرکت کی۔ اس موقع پر لوگوں نے اپنے ہاتھ کھڑے کر کے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ وہ جنسی تفریق اور مساوی حقوق کے لئے اپنی آواز اٹھاتے رہیں گے۔ اس موقع پر پروگرام کے منتظم کونسلر قیصر عباس کا کہنا تھا کہ “ہم ہر سال خواتین کی کامیابیوں اور مشکلات کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لئے وومن کانفرنس کا اہتمام کرتے ہیں۔ اس سال کووڈ کی وجہ سے ہم نے مختلف خواتین کے وڈیو پیغامات جاری کئے ہیں تاکہ خواتین کے حقوق بارے میں بات کی جا سکے۔” اس موقع پر یو ایم ٹی سوشل سائنسز کی ڈین محترمہ پروفیسر ڈاکٹر ممتاز اختر کا کہنا تھا کہ “ ہمیں نعروں کی بجائے عملی کام کرنے چاہئیں اور جہیز کی حوصلہ شکنی کے ساتھ ساتھ جائداد میں اپنا حق مانگنا چاہیے۔” تھرک کونسل کی ڈپٹی اپوزیشن لیڈر کونسلر بکی اوکناڈو نے کہا کہ “ موجودہ مشکل حالات میں خواتین نے بچوں کی تعلیم سمیت بہت اہم کام کئے ہیں جس کے لئے میں خواتین کو مبارکباد پیش کرتی ہوں اور امید کرتی ہوں کہ آپ مشکلات سے نمٹ کر کامیابی کی طرف گامزن رہیں گی۔” بوسنین کمیونٹی کی رہنما محترمہ المدینہ کریمنوو نے کہا کہ “آج بھی لاکھوں خواتین تارکین وطن ہیں اور لاکھوں بچیاں تعلیم سے محروم ہیں۔ ہمیں آج یہ عہد کرنا ہو گا کہ ہم بچیوں کو تعلیم دیں گے اور جنسی تفریق کے خلاف کام کریں گے۔” پروفیسر ڈاکٹر ارونہ ہاشمی کا کہنا تھا کہ “ تعلیم خود مختاری کی ضمانت ہے اور آپ تعلیم کے ساتھ ساتھ اپنی صحت کا بھی خیال رکھیں۔ خواتین کی بیماریوں کے بارے میں آگاہی کے سلسلے میں حکومت کو عملی کام کرنا ہوں گے۔” پی پی پی کی سمعیہ علی نے کہا کہ “سب کو متحد ہو کر خواتین کے حقوق کے بارے میں بات کرنی چاہئے۔” سکول کی طالب علم آئزہ ملک نے خواتین کے حوالے سے خوبصورت نظم پڑھی اور روشن آراء نے خوبصورت گانا گا خواتین کے نام کیا۔