جاپانی شہری اولمپکس کیلئے غیر ملکی تماشائیوں کے مخالف

March 09, 2021

ٹوکیو(آئی این پی)جاپان میں ایک پول کے مطابق 75فیصد جاپانی ٹوکیو اولمپکس میں غیر ملکی شائقین کی شرکت کے مخالف ہیں، تاہم اس حوالے سے منتظمین نے ابھی حتمی فیصلہ کرنا ہے۔ پول میں صرف 18فیصد افراد نے غیر ملکی شائقین کو یہ مقابلے دیکھنے کی اجازت دینے کی حمایت کی ،منتظمین کا کہنا ہے کہ وہ غیر ملکی شائقین کو اولمپکس مقابلے دیکھنے کی اجازت دینے یا نہ دینے کے بارے میں فیصلہ رواں ماہ کریں گے۔دوسری جانب جاپانی میڈیا کا دعوی ہے کہ حکام نے پہلے ہی فیصلہ کر لیا ہے کہ اولمپکس کے لیے غیر ملکی تماشائیوں کو جاپان آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔رواں برس جنوری میں کیے گئے ایک پول کے مطابق جاپان میں اولمپکس کی عوامی حمایت میں کمی آئی جبکہ ایک اور پول کے مطابق 80 فیصد سے زائد افراد کا کہنا تھا کہ گیمز کو منسوخ یا دوبارہ سے ملتوی کر دینا چاہیے۔جاپان کے وزیر برائے ایڈمنسٹریٹو اور ریگولیٹری ریفارمز تارو کونو کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ملتوی ہونے والے ٹوکیو اولمپکس کے ساتھ کچھ بھی ہوسکتا ہے۔تاہم انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے سربراہ تھامس بیخ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہونے والے ٹوکیو اولمپکس رواں سال موسم گرما میں منعقد ہوں گے، اور اس حوالے سے کوئی پلان بی نہیںہے۔ایک انٹرویو میں آئی او سی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس اس وقت کوئی وجہ نہیں ہے کہ اس بات پر یقین کریں کہ 23جولائی کو ٹوکیو میں اولمپکس کا آغاز نہیں ہو سکے گا۔نئے شیڈول کے مطابق 23جولائی سے 8 اگست 2021تک منعقد ہونی ہیں۔