پولک شیلڈ کے ووٹرز کا کونسلر حنیف راجہ کو خراج تحسین

March 09, 2021

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) پولک شیلڈ گلاسگو کے ووٹرز نے اپنے ایک فرض شناس کونسلر کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے جو اسکاٹ لینڈ سے کئی ہزار میل دور پاکستان میں ہونے کے باوجود ان کی موثر طور پر نمائندگی کررہے ہیں، گلاسگو سٹی کونسل کے ڈپٹی ٹو لارڈ پرووسٹ کونسلر حنیف راجہ اپنے عزیزوں سے ملاقات کیلئے پاکستان گئے ہوئے تھے، کہ کوروناسے متعلق سفری قوانین تبدیل ہونے کے باعث اسکاٹ لینڈ واپسی میں مشکلات کا سامنا ہے لیکن اس کے باوجود وہ ورچوئل میٹنگز کے ذریعے اپنے حلقے کے عوام کی بہترین نمائندگی کررہے ہیں، کورونا کی وبا کے باعث چونکہ ان دنوں ماضی کی طرح ایک ہال میں لوگ اکٹھے نہیں ہوسکتے اور اب تمام ضروری میٹنگز انٹر نیٹ کے ذریعے ہورہی ہیں اور بقایا تمام کونسلرز بھی اپنے اپنے گھروں میں بیٹھ کر ان میں حصہ لے رہے ہیں۔ کونسلر حنیف راجہ کے موجودہ صورت حال میں ابھی فوری طور پر اسکاٹ لینڈ واپس آنے کے امکانات بہت کم ہیں۔ لیبر گروپ کے رہنما میلکم کمنگ نے کہا کہ کونسلر حنیف راجہ نے پاکستان جانے سے پہلے ہمیں اطلاع دی تھی لیکن وہاں جاکر صورت حال کی تبدیلی کے باعث وہ واپس نہیں آسکے ہیں، وہ کمیٹی اجلاسوں میں شرکت کررہے ہیں اور اپنے معاون عملے سے بھی مکمل رابطے میں ہیں، گلاسگو سٹی کونسل کی ایک ترجمان نے گلاسگو ایوننگ نیوز کے نمائندے کے استفسار پر بتایا کہ کورونا کی وبا کے دوران تمام کونسلرز کو ورچوئل میٹنگز میں شرکت کی سہولیات مہیا کی گئی ہیں، پولک شیلڈ کے ووٹرز نے حنیف راجہ کی اپنے کام سے لگن اور عوامی نمائندگی پر ان کی تعریف کی ہے، عامر بٹ نے جنگ کو بتایا کہ کونسلر حنیف راجہ جس طریقے سے ہماری نمائندگی کررہے ہیں ہمیں اس پر فخر ہے، وہ ہمارے مسائل سے پوری طرح آگاہ ہیں اور ہم سے مکمل رابطے میں ہیں۔