طویل اوقات اور کم چھٹیوں پر غورجاری ہے، وزیر تعلیم

March 09, 2021

لندن (پی اے) اسکول کے طویل تر اوقات اور کم چھٹیاں ان اقدامات میں شامل ہیں جن پر حکومت ضائع شدہ تعلیم کی تلافی میں انگلینڈ کے طلبہ کی مدد کے لیے غور کررہی ہے۔ وزیر تعلیم گیون ولیمسن نے بی بی سی کو بتایا کہ وزرا اس بارے میں غور کررہے ہیں کہ کوویڈ کے بگاڑ کے بعد اسکول کے سال کو کس طرح چلایا جائے۔ انہوں نے اسکائی نیوز کو بھی بتایا کہ5ٹرم پر مشتمل سال اور موسم گرما کی تعطیلات میں تبدیلی پر بھی غور کیا جارہا ہے۔ انگلینڈ میں اسکول تمام طلبا کے لیے پیر سے کھل گئے ہیں۔ بی بی سی کے اینڈریو مار کے یہ پوچھنے پر کہ آیا حکومت اسکول ڈے میں توسیع کرنے جارہی ہے۔ گیون ولیمسن نے بتایا کہ ان کے خیال میں ہمیں شہادت پر مبنی ہونا چاہیے اور ہم اس پر غور کررہے ہیں کہ اسکول کے سال کو کس طرح چلایا جائے۔ انہوں نے اسکائی نیوز کے سوفی رج کو بھی بتایا کہ وزرا متعدد تجاویز پر غور کررہے ہیں۔ جب وزیر تعلیم سے پوچھا گیا کہ آیا اسکول آر نمبر کے ایک سے بڑھنے پر کھلے رہیں گے جس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ کیسوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے بی بی سی کو بتایا کہ ہم روڈ میپ پر چل رہے ہیں اور اسکول درحقیقت کھلے رہیں گے۔ انہوں نے یہ ضمانت بھی دی کہ اسکول ایسٹر کی تعطیلات کے بعد پھر کھل جائیں گے۔ اسکول میں حاضری لازمی ہوگی اور وہ معقول وجہ کے بغیر اسباق چھوڑ نہیں سکیں گے۔ بہرحال سیکنڈری اسکولوں کو بتایا گیا ہے کہ کووڈ ٹیسٹنگ کے لیے پہلے ہفتے کے مختلف دنوں میں گروپ آسکتے ہیں۔