مادر پدر آزاد معاشرے کیلئے مارچ قابل مذمت ہے، قاری عثمان

March 09, 2021

کراچی (اسٹاف رپوٹر) جمعیت علماء اسلام کے رہنماء قاری محمد عثمان نے کہا ہے کہ خواتین کو سب سے زیادہ عزت اسلام نے دی ہے۔ کراچی اور اسلام آباد کی سڑکوں پر حکومتی سرپرستی میں پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار مادر پدر آزاد معاشرے کے قیام کیلئے مارچ پاکستان کے آئین وقانون کی سنگین خلاف ورزی اور قابل مذمت ہے۔ دینی مدارس نے بہت قلیل مدت میں ملک اور قوم کو ڈیڑھ لاکھ سے زائد عالمات دی ہیں۔ قاری محمد عثمان نے کہا کہ یہاں دو کرداروں کا مقابلہ ہے، ایک ملک پر مغربی تہذیب اور کلچر کے ذریعہ فحاشی پھیلانا اور دوسرا کردار ملک بھر میں پھیلا ہوا دینی مدارس کا جال ہے، جس کے ذریعہ ملک میں دینی مدارس، علوم نبوتﷺ اور علوم قرآن کی اشاعت کا فریضہ انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عدالت عظمی 8 مارچ کو اسلام آباد اور کراچی میں ہونے والے مارچ کے خلاف ازخود نوٹس لے۔ انہوں نے کہاکہ گذشتہ 2 سالوں سے مسلسل مغربی کلچر، یہودیت اور قادیانیت کے پرچار، فحاشی وعریانی کے پھیلانے کیلئے ہر سطح پر سرکاری مشینری کا بے دریغ استعمال کیا جارہا ہے۔ قاری محمد عثمان نے کہا کہ جو لوگ خواتین کی عزت کو تار تار کرکے انہیں میرا جسم میری مرضی کا درس دے رہے ہیں وہ عذاب الہٰی کے منتظر رہیں۔ اسلام نے عورت کو جو مقام اور عزت دی ہے دنیا کا کوئی مذہب، نظام اور قوت نہیں دے سکتی۔