ملک میں اب پارلیمنٹ کی کوئی اہمیت نہیں رہی، خورشید شاہ

March 15, 2021

پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ آجکل ڈرٹی پولیٹکس ہو رہی ہے، اب اس ملک میں پارلیمنٹ کی کوئی اہمیت نہیں رہی، جو ووٹ خراب کئے گئے وہ خراب نہیں ہیں۔

احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا کہ لانگ مارچ کا مقصد قوم کو جگانا ہے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ گیند عدلیہ کی کورٹ میں ہے پورا ملک عدلیہ کی طرف دیکھ رہا ہے، اسمبلیوں سے استعفے مسئلے کا حل نہیں ہیں، اسمبلیوں سے باہر رہ کر ہم ان معاملات پر لڑنہیں سکتے۔

انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں رہ کر ہم ہر قسم کے حالات کا سامنا کرسکتے ہیں، پی ڈی ایم اپنے فیصلے ضرور کرے لیکن استعفے حل نہیں۔

دوسری جانب سکھر کی احتساب عدالت میںخورشید شاہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت 29 مارچ تک ملتوی کردی گئی۔