سینٹرل پارک ٹاور... دنیا کی بلند ترین رہائشی عمارت

March 21, 2021

سینٹرل پارک ٹاور، نیو یارک سٹی کے مڈ ٹاؤن مین ہٹن میں 57ویں اسٹریٹ پر واقع دنیا کی بلندترین رہائشی اور مجموعی طور پر 13ویں بلند ترین عمارت ہے۔ اس کی بلندی 1550فٹ (470میٹر) ہے اور اسے ایڈرین سمتھ + گورڈن گِل آرکیٹیکچر نے ڈیزائن کیا ہے،جو کہ بین الاقوامی سطح پر اعلیٰ کارکردگی ، توانائی کی بچت اور حیرت انگیز فن تعمیر کے حامل ڈیزائن تیار کرچکی ہے۔

عمارت کا تعمیراتی کام ایکسٹیل ڈویلپمنٹ کمپنی اور شنگھائی میونسپل انویسٹمنٹ گروپ نے کیا ہے۔ سینٹرل پارک ٹاور کے سامنے کا حصہ جیمز کارپینٹر ڈیزائن ایسوسی ایٹس اور پرماستیلیسا گروپ نے ڈیزائن کیا ہے۔ مجموعی طور پر، سینٹرل پارک ٹاور کی تعمیر پر 3ارب ڈالر لاگت آئی ہے۔ عمارت کے ڈیزائن کے پتلے پن کے تناسب کی وجہ سے اسے نیو یارک کے ’پنسل ٹاورز‘ کی نئی طرز تعمیرات میںشمار کیا جاتا ہے۔

عمارت کی تعمیر کے لیے کھدائی کا آغاز مئی 2014ء میں کیا گیا اور اس کے لیے 80فٹ (24میٹر) گہری بنیادیں کھودی گئیں۔ جولائی 2014ء میں ٹاور کا جو نیا ڈیزائن منظرعام پر آیا تھا اس کے مطابق اس کی بلندی 1,479فٹ (451میٹر) تھی جبکہ ایک مینار بھی تعمیر کیا جانا تھا جس کو ملاکر کُل بلندی 1,775 فٹ (541میٹر) تک ہونا تھی۔

کھدائی کے تقریباً ایک سال کے بعد فروری 2015ء میں تعمیراتی عمل شروع کرتے ہوئے کنکریٹ کی بنیاد ڈالی گئی۔ اپریل 2015ء میں مینار کے علاوہ عمارت کی بلندی بڑھاکر1,530فٹ دکھائی گئی تھی۔ تاہم، کئی ماہ بعد عمارت کی حتمی بلندی دکھائی گئی جس میں مینار کی تعمیر کا ارادہ ترک کرکے بلندی کو بڑھاکر 1,550فٹ (470میٹر) کردیا گیا۔ اسی وقت، عمارت کے نام ’سینٹرل پارک ٹاور‘ کی نقاب کشائی کی گئی۔

عمارت کی تعمیر کے دوران متعدد واقعات اور تنازعات ہوئے۔ گزشتہ سال اس عمارت کاتعمیراتی کام مکمل کیا گیا، جس کے بعد سے اس کی فنشنگ پر کام جاری ہے اور بہت جلد مکین اس میں رہائش اختیار کرسکیں گے۔ انٹیریئر ڈیزائن فرم روٹیٹ اسٹوڈیو نے منفرد اور خوبصورت انداز سے انتہائی نفیس داخلی حصہ تیار کیا ہے۔ سینٹرل پارک ٹاور کی کُل 131منزلیں ہیں، جن میں 98 منزلیں رہائشی ہیں۔ اس عمارت کی سب سے اونچی رہائش ایک ہزار417فٹ (432میٹر) کی بلندی پر ہے۔

ٹاور کے رہائشی حصے میں 179گھر بنائے گئے ہیں جو کہ دو سے آٹھ بیڈ روم پر مشتمل ہیں اور ان کا رقبہ 1,435مربع فٹ سے لے کر 17ہزار 500مربع فٹ تک ہے۔ یہ رہائش گاہیں 32ویں منزل سے شروع ہوتی ہیں۔ ایکسٹیل ڈویلپمنٹ کمپنی نے ٹاور کی مشرقی جانب 28فٹ (8.5میٹر) تک پھیلا ہوا شہتیر (چھت) بنایا ہے۔ ہوا کا مقابلہ کرنے اور متوازن رہنے کے لیے عمارت کے اوپر ایک وزن کا نظام ترتیب دیا گیا ہے۔

عمارت کے سامنے کے حصے میں شیشے اور اسٹین لیس اسٹیل کا استعمال کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے اس کی حیرت انگیز بیرونی خصوصیات لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کرلیتی ہیں۔ ڈیزائن فرم کے مطابق شیشے کی حفاظتی تہہ لگانے کا مقصد ٹاور کو اسکائی لائن میں فٹ ہونے میں مدد فراہم کرنا ہے۔57 اور 58 اسٹریٹس کی طرف عمارت کا نچلا بیرونی حصہ شیشے کا ہے اور ان شیشوں کو سیدھے پینلز میں ترتیب دیا گیا ہے جو کہ انسولیٹڈ اور لیمینیٹڈ ہیں۔

شیشے کے ان پینلز کی مجموعی سطح کا رقبہ 52ہزار700مربع فٹ ہے۔ ان پینلز کو المونیم کے فریموں میں رکھ کر اسٹیل کی پلیٹوں سے بند کیا گیا ہے اور ہر منزل پر کنکریٹ کے فرش کی سلیب کے درمیان فٹ کیا گیا ہے۔ بالائی منزلوں کی بیرونی دیوار پر زیادہ تر المونیم اور شیشے کا پردہ پڑا ہے۔ اسے عمودی طور پر اسٹین لیس اسٹیل کے ذریعہ تقسیم کیا گیا ہے۔ عمارت کی ہر منزل کے درمیان محراب کی خالی جگہیں بھی اسٹین لیس اسٹیل سے پوشیدہ ہیں۔ پرماستیلیسا گروپ کے مطابق، بالائی منزلوںمیں چھ لاکھ10ہزار 300مربع فٹ شیشے کے پردے کی دیوار استعمال کی گئی ہے۔

حال ہی میںکونسل آن ٹال بلڈنگز اینڈ اربن ہیبی ٹیٹ (CTBUH) کی جانب سے 400میٹر یا اس سے زائد اونچائی والی بہترین عمارات کی کیٹیگری میں سینٹرل پارک ٹاور کو ’2021ء میں بہترین کارکردگی‘ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ یہ رہائشی عمارت اپنے مکینوں کو سینٹرل پارک اور اطراف کی بلند وبالا عمارتوں کا خوبصورت نظارہ ، سوجھ بوجھ کے ساتھ کی گئی نقشہ سازی اور شاندار فن تعمیر پیش کرتی ہے۔ عمارت کے ساختی عناصر رہائشی یونٹس کے مابین واقع ہیں، جس کے نتیجے میں مکینوں کو بڑی اسکرین، فرش سے چھت تک شیشے، بے حساب بیرونی نظارے، دلفریب فرش اور اونچی چھت جیسی آسائشیں مہیا کی گئی ہیں ۔

ماسٹر باتھ رومز میں گہری اور ہلکی دونوں طرح کی اسکیمیں پیش کی گئی ہیں اور ان میں درآمدی پتھر اور پریمیم فٹنگ اور فکسچر کا استعمال کیا گیا ہے۔ مکینوں کے لیے جو اضافی سہولیات مہیا کی جائیں گی ان میں سوئمنگ پول کے ساتھ ایک بیرونی ٹیرس، اسکریننگ روم، ریزیڈنٹس لاؤنج، جدید ترین جم، تربیتی کمرہ، اسکواش / باسکٹ بال کورٹ، اسپا ٹریٹمنٹ روم اور بہت کچھ شامل ہے۔

عمارت کی نچلی پانچ منزلوں اور بیسمنٹ کی دو منزلوںپر تقریباً 3لاکھ 20 ہزار مربع فٹ رقبے پر ایک نامی گرامی برینڈ کا اسٹور بنایا گیا ہے، جس کا افتتاح 2019ء میں ہوا تھا۔ رہائشیوں کے اسٹور میں جانے کے لیے علیحدہ راستہ بنایا گیا ہے۔