دُھن کے پکے، متجسس اور حوصلہ مند

March 31, 2021

وہ ایک بڑے آدمی کے جہاں دیدہ بیٹے ۔ دُھن کے پکّے، جستجواُن کا خوگر۔ خُوب سےخُوب تر کےمتلاشی ۔ بلندیوں پر نظر رکھنے والے۔ راستے کی مشکلیں جاننے اور ان سے نبرد آزما ہونے کی ہمّت اور حوصلہ رکھنے والےشخص تھے۔سولہ اگست 1946کو دہلی میں پیداہونے والے میر جاوید رحمٰن ’’جنگ گروپ‘‘ کے بانی میر خلیل الرحمٰن کے بڑے صاحب زادے اورجنگ گروپ کے چیئرمین، ایگزیکٹیو ایڈیٹر، پبلشر،پرنٹر اورہفت روزہ ’’اخبارِ جہاں ‘‘ اور ’’میگ ویکلی‘‘کے ایڈیٹر انچیف بھی تھے ۔

جامعہ کراچی سے ماسٹرزکرنے کے بعدبرطانیہ کے تھامسن فاو نڈ یشن ایڈیٹوریل سینٹر سے نیوز پیپر مینجمنٹ کی تعلیم حاصل کی۔والد سے صحافت اور صحافتی صنعت کی باریکیاں سیکھیں اور انہیں پانچ دہائیوں پر محیط اپنے کیریئر میںخُوب خُوب استعمال کرکے جنگ گروپ کو چار چاند لگائے۔آج ان کی پہلی برسی ہے۔ اس موقعے پراخبارِ جہاں کے سابق ایڈیٹر اور روزنامہ جنگ کے سابق گروپ ایڈیٹر محمود شام ، اخبار جہاں کے سابق ایڈیٹر ز،نثار احمد زبیری اور اخلاق احمد اور اخبار جہاں کی سینئر کارکن سعیدہ افضل نے ان کی یادوں کی بزم سجائی ہے۔آئیے ،اس بزم میں ہمارے ساتھ شریک ہوجائیے۔