شعیب اختر اپنے’پسندیدہ دشمن‘ کیلئے دعا گو

March 31, 2021

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے کورونا وائرس کا شکار ہونے والے لیجنڈری بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکر کو اپنا پسندیدہ دشمن قرار دیتے ہوئے اُن کی جلد صحتیابی کے لیے سوشل میڈیا پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔

شعیب اختر نے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر اپنے کرکٹ کے دنوں کی ایک یادگار تصویر شیئر کی ہے۔


انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تصویر پاک بھارت میچ کی ہے جس میں سچن ٹنڈولکر بیٹنگ کررہے ہیں جبکہ شعیب اختر بولنگ کر رہے ہیں۔

شعیب اختر نے یادگار تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ان کے ساتھ کرکٹ گراؤنڈ میں میری سب سے پسندیدہ دشمنی تھی۔‘

اُنہوں نے سچن ٹنڈولکر سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’بڈی! جلدی سے ٹھیک ہوجاؤ۔‘

واضح رہے کہ سچن ٹنڈولکر نے گزشتہ دنوں ہی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک اہم اطلاع دی تھی جس میں اُنہوں نے بتایا تھا کہ اُن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔

سابق بھارتی کرکٹر نے کہا تھا کہ اُنہیں کورونا کی ہلکی علامات ظاہر ہوئی ہیں جبکہ اُن کے گھر کے تمام افراد کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔

سچن ٹنڈولکر نے مزید کہا تھا کہ اُنہوں نے خود کو گھر میں ہی قرنطینہ کرلیا ہے اور ڈاکٹرز کی ہدایتکے مطابق تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرلی ہیں۔