واسا کے زیرانتظام فراہمی آب کانظام تباہ، رہائشی علاقوں میں مضر صحت پانی کی فراہمی کا انکشاف، متعدد مقامات پر پانی کی شدید قلت

April 04, 2021

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) ادارہ ترقیات حیدرآباد کے ذیلی شعبے واسا نے فراہمی آب کے انتظامات بگاڑ دیئے‘ ضلع حیدرآباد کے درجنوں رہائشی علاقوں میں مضر صحت پانی کی فراہمی کا انکشاف جبکہ متعدد مقامات پر پانی کی عدم فراہمی کی وجہ سے شدید قلت پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ حکومت سندھ کی گرانٹ سے چلنے والے ادارے عوامی فلاح و بہبود میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں جس کی وجہ سے قومی خزانے سے جاری ہونے والی خطیر رقم ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔ ادارہ ترقیات حیدرآباد( ایچ ڈی اے) کے ذیلی شعبے واسا کی جانب سے ضلع حیدرآباد میں فراہمی آب و نکاسی آب کا بیڑا اٹھایا گیا ہے لیکن مذکورہ شعبے کے افسران اپنے فرائض سرانجام دینے سے قاصر ہیں‘ ہر سال کی طرح اسبار کی گرمی کا موسم شروع ہوتے ہی ضلع بھر میں پانی کی عدم فراہمی کے متعلق شکایات موصول ہورہی ہیں‘ اس ضمن میں مجاز حکام اقدامات اٹھانے سے قاصر ہیں۔ قاسم آباد‘ سٹی‘ لطیف آباد اور تحصیل دیہی کے درجنوں علاقوں میں بدبودار پانی کی فراہمی کی شکایات موصول ہورہی ہیں جس کے استعمال سے شہری پیٹ کی مختلف بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں دوسری جانب متعدد علاقوں میں پانی کی عدم فراہمی کی وجہ سے پانی کی قلت پیدا ہوگئی ہے اور شہری بازار سے پانی خریدنے پر مجبور بنے ہوئے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کمرشل علاقوں میں پانی کی فراہمی بغیر کسی رکاوٹ کے فراہم کیا جارہا ہے جبکہ رہائشی علاقوں میں پانی کی عدم فراہمی کا شکار ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واسا کے فلٹر پلانٹس کی مرمت کراکر صاف پانی فراہم کیا جائے اور پانی کی قلت کا بھی نوٹس لیا جائے۔