ماڈل کورٹ: قتل کے مقدمے میں ا یک ملزم کو سزائے موت، دوسرے کو عمر قید

April 04, 2021

حیدرآباد(بیورورپورٹ) ماڈل کرمنل ٹرائل کورٹ نمبر ایک /فرسٹ ایڈیشنل سیشن جج حیدرآباد نے نوجوان کے قتل کے الزام میں گرفتار ایک ملزم کو ہفتہ کے روز جرم ثابت ہونے پرکوسزائے موت اور دوسرے کو عمر قید اور جرمانوں کی سزا سنادی ہے،جبکہ تیسرے مفرور ملزم کا کیس عارضی طور پر بند کردیا ہے۔ 3 ملزمان علی حیدرخاصخیلی،رفیع رضا اور احسان نے نعمان نامی نوجوان کو بختاور نامی خاتون سے پسند کی شادی کرنے پر قتل کیا تھا۔قتل کا مقدمہ مقتول کے بھائی اعظم نے نامزد ملزمان کیخلاف درج کرایا تھا ،جس میں کہا گیا تھا کہ علی حید ر، بختاور سے شادی کرنا چاہتا تھا لیکن بختاور نے اس کے بھائی نعمان سے پسند کی شادی کرلی تھی ،جس پر علی حیدر نے اپنے ساتھیوں کی مدد سے فائرنگ کرکے نعمان کو قتل کیا ہے۔ ماڈل کرمنل ٹرائل کورٹ نمبر ایک/فرسٹ ایڈیشنل سیشن جج حیدرآباد محمد احسان خان درانی نے ہفتہ کو جرم ثابت ہونے پر ملزم علی حیدرخاصخیلی کوکوسزائے موت اور ایک لاکھ روپے کے جرمانے کی سزا جبکہ دوسرے ملزم رفیع رضا کو عمر قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی ہے،جرمانے کی عدم ادائیگی پر دونوں کو مزید 6،6 ماہ قید کی سزا بھگتنی ہوگی۔ عدالت نے مقدمہ میں نامزد تیسرے مفرور ملزم احسان کا کیس عارضی طور پر بند کردیا ہے جو اس کی گرفتاری کے بعد ازسر نو چلایا جائے گا۔