وزارت تجارت نے ٹریڈنگ کارپوریشن کو چینی کی درآمد کی ہدایت کردی

April 04, 2021

وزارت تجارت نے ٹریڈنگ کارپوریشن کو چینی کی درآمد کرنے کی ہدایت کردی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مہنگی چینی کے باعث درآمد کا عمل عارضی طور پر روک دیا گیا تھا، ٹی سی پی کی جانب سے 50 ہزار ٹن چینی کا ٹینڈر کل دیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹریڈنگ کارپوریشن 50 ہزار ٹن کے مسلسل دو ٹینڈرز منسوخ کرچکی ہے، ٹی سی پی نے مہنگی بولی کے باعث چینی کی درآمد کے دو ٹینڈر منسوخ کیے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آخری ٹینڈر میں ٹی سی پی کو 544.10 ڈالر فی ٹن کی بولی موصول ہوئی تھی، کم سے کم بولی کے تحت درآمدی چینی کراچی پورٹ پر 90 روپے کلو میں پڑتی ہے۔

وزارت تجارت کے حکام کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے جنوری 2021 میں 8 لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کی اجازت دی۔