ڈسکہ الیکشن: انتخابی سامان کی ترسیل شروع

April 09, 2021


سیالکوٹ کے حلقہ این اے 75 ڈسکہ میں ضمنی الیکشن کے سلسلے میں انتخابی سامان کی ترسیل کا عمل شروع ہو گیا ہے۔

پولنگ کا عملہ انتخابی سامان ڈسکہ میں قائدِ اعظم پبلک اسکول میں قائم آر او آفس سے وصول کر رہا ہے۔

مذکورہ انتخابی سامان 2 رینجرز اور 2 پولیس اہلکاروں کی نگرانی میں پولنگ اسٹیشنز تک پہنچایا جائے گا۔

واضح رہے کہ این اے 75 ڈسکہ کے انتخابی دنگل میں ایک روز باقی رہ گیا ہے، کل 10 اپریل کو ضمنی انتخاب کا میدان لگے گا۔

ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ نون کی نوشین افتخار اور پی ٹی آئی کے علی اسجد ملہی کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

قومی اسمبلی کا حلقہ توجہ کا مرکز ہے تاہم سیاسی گہما گہمی اس طرح نظر نہیں آ رہی جیسے 19 فروری سے پہلے تھی۔

علاوہ ازیں کورونا کی تیسری لہر کے باعث ڈسکہ کے ایک علاقے کو سیل کر دیا گیا ہے۔

صوبائی الیکشن کمشنر غلام اسرار خان کا کہنا ہے کہ ڈسکہ الیکشن کو شفاف بنانے کے لیے پریذائیڈنگ آفیسرز سے حلف لیا گیا ہے۔

غلام اسرار خان نے کہا کہ پولنگ عملے کو سخت وارننگ دی گئی ہے، اگر عملہ بے ضابطگی میں ملوث پایا گیا تو نوکریاں بھی جا سکتی ہیں۔

ادھر الیکشن کمیشن نے ڈسکہ الیکشن میں پولنگ عملے کے لیے ایس او پیز جاری کر دیئے، پریزائیڈنگ افسر اور اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسر کے پاس اسمارٹ فون ہوگا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیئے کے مطابق پریزائیڈنگ افسر فارم 45 کی تصویر الیکشن کمیشن اور ریٹرننگ افسر کو بھیجے گا۔