بگ باس ایک بیکار شو ہے: کنٹسٹنٹ و اداکارہ ریمی سین

April 10, 2021

معروف بھارتی رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 9 کی کنٹسٹنٹ و بالی ووڈ اداکارہ ریمی سین نے بگ باس کو ایک بیکار شو قرار دیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریمی سین نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ ’میں نے بگ باس کے سیزن 9 میں صرف اس لیے کام کیا تھا کیونکہ مجھے اچھے پیسوں کی آفر ہوئی تھی۔‘

ریمی سین نے کہا کہ ’میں بگ باس میں آنے سے پہلے ہمیشہ یہی سوچا کرتی تھی کہ یہ ایک ایسا بیکار شو ہے جہاں لوگ تین مہینے تک صرف ایک کافی کے لیے لڑتے ہیں۔‘

بالی ووڈ اداکارہ نے کہا کہ ’مجھے بگ باس کا شو بیکار لگتا تھا لیکن میں اچھے پیسوں کی پیش کش کی وجہ سے بگ باس کے گھر میں آئی۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’بگ باس ایک ایسی چھٹیاں ہیں جس کے بدلے آپ کو اچھا خاصہ معاوضہ ملتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ حقیقت جانتے ہوئے بھی ہر کوئی اس کی آفر قبول کرلیتا ہے۔‘

ریمی سین نے کہا کہ ’میں جب بگ باس کے گھر میں داخل ہوئی تو میں نے اُس وقت محسوس کیا کہ یہ شو کس طرح کنٹسٹنٹ کے دماغ کے ساتھ کھیل رہا ہے اور اس کی وجہ سے ہمارے ذہنی صحت کس قدر مُتاثر ہورہی ہے۔‘

بالی ووڈ اداکارہ نے مزید کہا کہ ’بگ باس کے گھر میں ہر شخص دوسرے کنٹسٹنٹ کو بُرا بھلا کہتا ہے لیکن میں کبھی نہیں لڑتی کیونکہ یہ مسئلے کا حل نہیں تھا، اس سے مزید مسائل پیدا ہوتے ہیں۔‘

خیال رہے کہ اس سے قبل ریمی سین نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ بگ باس نے اُنہیں 49 دنوں میں 2 کروڑ 25 لاکھ دیے تھے۔

ریمی سین بالی ووڈ کی کئی فلموں میں بھی اداکاری کرچکی ہیں جن میں پھر ہیرا پھیری، ہنگامہ، کیون کی، دیوانے ہوئے پاگل، دھوم اور گول مال سمیت دیگر فلمیں شامل ہیں۔