علی نواز اعوان کا شہریوں کو سستی چیزوں کی فراہمی کے حوالے سے اہم اعلان

April 11, 2021

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ دارالحکومت اسلام آباد میں 25 موبائل یوٹیلٹی اسٹورز کام کریں گے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے ہمراہ پریس کانفرنس میں علی نواز اعوان نے کہا کہ حکومت نے 7 ارب روپے کے رمضان پیکیج کے تحت عوام کو سبسڈی دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق شہریوں کو سستی چیزیں فراہم کریں گے۔


علی نواز اعوان نے مزید کہا کہ موبائل سستا بازار شہر میں گھوم کر لوگوں کو سستی اشیائے ضروریہ فراہم کرے گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے باعث لوگوں کی قوت خرید میں کمی آئی ہے، دارالحکومت میں 100 یوٹیلٹی اسٹورز ہیں، 25 موبائل یوٹیلٹی اسٹورز کام کریں گے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے یہ بھی کہا کہ ضلعی انتظامیہ گراں فروشوں کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔