غزل محفل (انتخابِ کلام)

April 18, 2021

تالیف: گل بخشالوی

صفحات: 112، قیمت:درج نہیں

تاثر: قلم قافلہ کھاریاں(پاکستان)۔

فی زمانہ ایسے شاعر بہت کم ملیں گے، جو اپنے علاوہ بھی کسی کو مانیں۔ گل بخشالوی اس حوالے سے بہت کشادہ دِل ہیں کہ انہوں نے مختلف شعرا ءکے کلام کا انتخاب شایع کرواکے اعتراف کی روایت کو استحکام عطا کیا ۔ اُن کی طرح ہر شاعر کو اعلیٰ ظرفی کا مظاہرہ کرنا چاہیے کہ کسی کو خوشی دینا بھی ایک نیکی ہے۔ زیرِتبصرہ کتاب ایک گل دستہ ہے، جس میںمختلف شعراء کی تقریباً163غزلیں شامل ہیں۔گو کہ انہوں نے ہررنگ کے پھولوں سے خوشبو کشید کرکے یہ مجموعہ مرتّب کیا ہے۔اگر ہر شاعر کا مختصر تعارف دے دیا جاتا، تو یہ کتاب دو آتشہ ہوجاتی۔ کتاب کا مقدمہ، گل بخشالوی نے خود’’ میں کون ہوں‘‘ کے عنوان سے لکھا ہے، جو تقریباً25صفحات پر مشتمل ہے۔ کتاب کا انتساب ، شاہینِ اردو ادب’’ سلطان سکون‘‘ کے نام کیا گیا ہے۔

جن پر تبصرہ ممکن نہیں!!

ذیل میں اُن کتب اور رسائل و جرائد کی تفصیل دی جارہی ہے،جن پر تبصرہ ممکن نہیں۔ان میں سےکچھ کی ایک جِلد موصول ہوئی ہے،کچھ کے صفحات کی تعداد ایک سو سے کم ہے۔اور کچھ کی تاریخِ اشاعت2020ء سے قبل کی ہے۔

٭ سیرت کے تقاضے، قاضی حسین احمد(22صفحات)٭ حبیب کبریا محمّد مصطفیٰﷺ، حافظ ادریس (2018ء) ٭سیرت کا پیغام،سیّد ابو الاعلی مودودیؒ(24صفحات)٭ ماہ نامہ عالمی ترجمان القرآن، مدیر پروفیسر خورشید احمد٭ پندرہ روزہ صحیفہ اہلِ حدیث، مدیر ،عبدالعظیم حسن زئی٭ ماہ نامہ قومی زبان، مدیرہ ، ڈاکٹر ثروت رضوی٭ ماہ نامہ فہمِ دین، مدیر، محمّد خرم شہزاد٭ جھلمل جھلمل، رانی خاور میو(15صفحات)٭ حسن ناصر کی شہادت، میجر اسحاق محمد(1975ء)٭ شاداب، چیف ایڈیٹر، ڈاکٹر کنول فیروز٭سہ ماہی جہانِ اعصاب، چیف ایڈیٹر پروفیسر ڈاکٹر محمّد واسع ۔

جو مصنّفین اور اشاعتی ادارے تبصرے کے لیے کتب بھیجنا چاہتے ہیں، ازراہِ کرم درج ذیل باتوںکا خیال ضرور رکھیں:

٭چھوٹے چھوٹے کتابچے اورپمفلٹ وغیرہ روانہ نہ کیے جائیں کہ ایک سو سے کم صفحات کی کتب کا تعارف شامل نہیں کیا جاتا٭جو کُتب کسی فرقے، مذہب،گروہ،ادارے یا طبقے کے خلاف لکھی گئی ہوں گی، اُن پر تبصرہ نہیں ہوگا٭جن کتابوں پر ایک بار تبصرہ ہوچُکا،دوبارہ قطعاً ارسال نہ کی جائیں٭ایسی کتابیں، جو اسکولزاور کالجز کے نصاب سے متعلق ہوں، اُن پر بھی تبصرہ نہیں کیا جاسکتا٭ہر کتاب کی دو جِلدیں آنا ضروری ہیں، ایک کتاب موصول ہونے پر تبصرہ نہیں کیا جائے گا۔علاوہ ازیں،2019ء میں شایع ہونے والی کسی بھی کتاب پر رواں برس تبصرہ ممکن نہیں ہو گا،البتہ 2020ء کی شایع کردہ کتابوں پر تبصرہ کردیا جائے گا۔اور یہ فیصلہ کتابوں کی کثیر تعداد اور مصنّفین اور اشاعتی اداروں کے طویل انتظار کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔صفحے کا عنوان’’نئی کتابیں‘‘ہے، لہٰذا ہماری کوشش یہی ہے کہ زیادہ سے زیادہ نئی کتب شامل ہوں، نہ کہ گزشتہ برس کی شایع شدہ۔سو، براہِ کرم 2019ء کی کوئی کتاب اب ارسال کرنے کی زحمت نہ کریں۔تبصرے کے لیے کتابیں صرف اس پتے پر ارسال کی جائیں۔

ایڈیٹر’’سنڈے میگزین‘‘،روزنامہ جنگ ،

شعبۂ میگزین،اخبار منزل، آئی آئی چندریگر روڈ،کراچی۔