سحر و افطار ... دستر خوان

April 18, 2021

مقدّس و بابرکت، رحمتوں، برکتوں سے لب ریز، مغفرت و بخشش کا مہینہ ہم پر سایہ فگن ہے۔ روزہ، جسم کی زکوٰۃ ہے اور دِن بھر بھوک پیاس برداشت کرکے اذانِ مغرب پر جب کچھ کھایا، پیا جاتا ہے، تو جسم کا رُواں رُواں ربِ کائنات کی نعمتوں کا شُکر ادا کرتا ہے۔ یہی شُکر بجا لانے کے لیے عموماً ماہِ صیام کی پہلی اتوار کو تقریباً ہر گھر میں سحر و افطار دسترخوان کاخاص اہتمام ہوتا ہے۔ تو لیجیے، اس خاص اہتمام کے لیے چند تراکیب پیشِ خدمت ہیں۔

سحری کے لیے پھینی پرا ٹھا

اجزاء: آٹا دو کپ، نمک حسبِ ذائقہ، مکھن دو کھانے کے چمچ، انڈا(پھینٹ لیں)ایک عدد اور تیل حسبِ ضرورت۔

ترکیب: پہلے آٹا میں انڈا، مکھن اور نمک ڈال کر اچھی طرح مِکس کرکے گوندھ لیں۔ تھوڑی دیر بعد آٹے کے پیڑے بنا کر روٹی بیل لیں۔ اب اس پر تیل لگا کر چُھری سے باریک باریک پٹیاں کاٹ کر تھوڑا خشک آٹا چِھڑک کر جتنی پٹیاں ہیں، اُتنے ہی رول بنالیں۔ اب انہیں ایک دوسرے کے اوپر رکھ کر بیل لیں۔ توا گرم کرکے اس پر پراٹھا ڈال دیں۔ ایک سائیڈ سے پک جائے، تو ہلکے ہاتھ سے پلٹ دیں۔ اب تیل ڈال کر فرائی کر لیں۔ لیجیے، مزے دار پھینی پراٹھا تیار ہے۔ قیمے یا سبزی کے ساتھ سَرو کریں۔

قیمہ گھوٹالا

اجزاء: قیمہ آدھا کلو، انڈے(پھینٹ لیں)تین عدد ، دہی(پھینٹ لیں)آدھا کپ، پیاز (باریک کاٹ لیں)ایک عدد، لہسن، ادرک کا پیسٹ دو کھانے کے چمچ، ٹماٹر (کاٹ لیں) چار عدد،لال مرچ پاؤڈر ڈیڑھ چائے کا چمچ، سفید زیرہ (بھون کر کُوٹ لیں)ایک چائے کا چمچ، ہلدی پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، دھنیا پاؤڈر دو چائے کے چمچ، گرم مسالا ایک چائے کا چمچ،نمک حسبِ ضرورت، ٹماٹر (چھوٹےکیوبز میں کاٹ لیں) ایک عدد، ادرک (لمبائی میں کاٹ لیں)حسبِ ضرورت، ہری مرچ(کاٹ لیں) تین عدد، ہرا دھنیا(باریک کتر لیں) حسبِ ضرورت، پانی ایک کپ اورتیل تین چوتھائی کپ۔

ترکیب: ایک کڑاہی میں تیل گرم کرکے اس میں پیاز فرائی کرلیں۔اب اس میں ادرک، لہسن کا پیسٹ، قیمہ، ٹماٹر(آدھے)،لال مرچ، ہلدی، دھنیا، نمک اور سفید زیرہ ڈال کر اچھی طرح بھون لیں۔ اس کے بعد دہی شامل کرکے تھوڑا سا بھون کر پانی ڈال کر ڈھک دیں اور ہلکی آنچ پر اتنا پکنے دیں کہ قیمہ گل جائے۔ پھر اس میں انڈے مِکس کرکے تھوڑا سا بھونیں اور آخر میں باقی ٹماٹر کے کیوبز، گرم مسالا، ہری مرچیں، ہرا دھنیا اور ادرک ڈال کر پانچ منٹ کے لیے دَم پر رکھ دیں۔ پراٹھوں کے ساتھ سَرو کریں۔ (ارم سکندر، کراچی)

افطار کے لیے چکن ٹیمپورا

اجزاء:چکن (بون لیس) آدھا کلو، میدہ تین چوتھائی پیالی، لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچ،لال مرچ(کُٹی ہوئی)ایک کھانے کا چمچ،کالی مرچ(قدرے موٹی پیس لیں) ایک چائے کا چمچ،کارن فلور آدھی پیالی، سویا ساس دو کھانے کے چمچ، میٹھا سوڈا آدھا چائے کا چمچ، بیکنگ پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ،نمک حسبِ ذائقہ اور تیل حسبِ ضرورت۔

ترکیب:چکن کو اسٹرائپس میں کاٹ لیں۔ پھر ایک پیالے میں نمک، لہسن،لال مرچ اور سویا ساس ڈال کر مِکس کریں اور اس میں چکن اسٹرائپس ڈال کر آدھے گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔اس کے بعد دوسرے پیالے میں میدہ،کارن فلور، نمک، کالی مرچ، میٹھا سوڈا اور بیکنگ پاؤڈر ڈال کر الیکٹرک بیٹر سے تین سے چار منٹ تک اچھی طرح مِکس کریں۔ پھر اس میں تھوڑا تھوڑا کرکے ٹھنڈا یخ پانی ڈالتے ہوئے پھینٹ لیں۔ اب کڑاہی میں تیل گرم کریں اور ایک ایک کرکے چکن اسٹرائپس آمیزے میں ڈبو کرکے ڈیپ فرائی کرلیں۔ (عفّت عُمر، لاہور)

چاکلیٹ پکوڑے

اجزاء: میدہ ڈھائی کپ،چینی (پیس لیں)سوا کپ، چاکنگ چاکلیٹ(پگھلی ہوئی)ایک کپ، بادام، پستہ (پیس لیں)ایک کپ، انڈے(پھینٹ لیں)دو عدد، ونیلا ایسینس ایک چائے کا چمچ، بیکنگ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، دارچینی (پیس لیں) چھوٹا ٹکڑا، دودھ تقریباً آدھا کپ (مکس کرنے کے لیے) اور تیل۔

ترکیب : میدے میں تمام اجزا ڈالیں اور تھوڑا تھوڑا دودھ مِکس کرتے ہوئے پکوڑوں کی طرح آمیزہ بنالیں۔ اب تیل گرم کرکےعام پکوڑوں کی طرح فرائی کر لیں۔ (قراۃالعین فاروق، حیدرآباد)

آلو چاٹ

اجزاء: آلو(چھیل کر اُبال لیں)آدھا کلو، سفید نمک آدھا چائے کا چمچ،کالا نمک آدھا چائے کا چمچ، لال مرچ (کُٹی ہوئی)آدھا چائے کا چمچ،کھٹائی پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، چاٹ مسالا دو کھانے کے چمچ، سفید زیرہ (بھون کر کوٹ لیں) ایک چائے کا چمچ، املی کا گودا ایک چوتھائی کپ، ہری مرچ (باریک کاٹ لیں)تین عدد اور ہرا دھنیا(دھو کر باریک کاٹ لیں) حسبِ ضرورت۔

ترکیب: ایک باؤل میں اُبلے ہوئے آلوؤں کے قدرے چھوٹے کیوبز کاٹ کر ڈال دیں۔ اب تمام مسالے شامل کرکے اچھی طرح مِکس کریں۔ پھر املی کا گُودا ڈال کر آخر میں ہرا دھنیا اور ہری مرچیں چِھڑک دیں۔ (صائمہ مسلم، کراچی)