ویانا میں اسلامی مرکز کو کھولنے کا اعلان کردیا گیا

April 13, 2021

ویانا(نمائندہ جنگ) آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میںاسلامی مرکز کو کھولنے کا اعلان کردیا گیا ،ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ نماز جمعہ کے اجتماع کے لیے 12:30 بجے دروازے کھولے جائیں گے اور نماز جمعہ کے اجتماع کے آدھے گھنٹہ بعد مرکز کے دروازے دوبارہ بند کر دئیے جائیں گے۔ مرکز میں آنے والے تمام زائرین کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے مندرجہ ذیل ہدایات پر عمل کرنا ضروری ہے مسجد اور مرکز کے دیگر کمروں میں ایف ایف پی 2 ماسک پہننا لازمی ہے اور ایک دوسرے لوگوں سے کم سے کم 2 میٹر کی دوری رکھناپوری عمارت میں مصافحہ یا گلے ملنا ممنوع ہے۔مسجد میں داخل ہونے سے پہلے اپنے ہاتھوں کو جراثیم سے پاک کریں، مسجد کے اندر اور باہر اور اس کے آس پاس لوگ جمع ہونے سے گریز کریں۔ نمازوں کی ادائیگی کے لیے مرکز کے دروازے نماز سے 30 منٹ قبل کھول دیئے جائیں گے اور نماز ختم ہوتے ہی مرکزی دروازے کو بند کردیا جائے گا۔ تراویح کی نماز صرف مسجد کے اندر ہی ادا کی جائے گی اور بیرونی صحن میں نماز کی جگہ نہیں ہے۔ شام کے وقت 6 بجے کے بعد مرکز کے احاطے میں پارکنگ کی اجازت نہیں ہے۔ رمضان کے دوران مرکز میں افطار یا اعتکاف کا کوئی انتظام نہیں ہوگا۔ بیماری کی علامات والے لوگ اور دس سال سے کم عمر والے بچوں کا مسجد میں داخلہ ممنوع ہے۔ مرکز کے پورے علاقے میں کھانے پینے کی چیزیں لانے اور پینے کی ممانعت ہے۔ سینیٹری کی سہولیات اور واش روم بند ہی رہینگے سوائے غیر معمولی معاملات کے۔ لہذا مسجد میں آنے سے پہلے براہ کرم وضو گھر سے کرکے آئیں۔براہ کرم مرکز کی انتظامیہ ٹیم اور عملے کے ساتھ تعاون کریں اور ہدایات پر عمل کریں۔جو لوگ دی گئی ہدایات پر عمل نہیں کرتے ہیں انہیں مسجد میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہے۔واضح رہے کہ آسٹریا کی تین وفاقی ریاستوں میں یکم اپریل سے 20 اپریل تک سخت سمارٹ لاک ڈاؤن جاری ہے۔