امریکا میں خون جمنے کے واقعات، جانسن اینڈ جانسن ویکسین کا استعمال روکنے کی تجویز

April 13, 2021

امریکی ہیلتھ ایجنسیز نے جانسن اینڈ جانسن ویکسین کا استعمال روکنےکی تجویزدے دی ہے۔ واشنگٹن سے خبر ایجنسی کے مطابق ویکسین استعمال کے بعد خون جمنے کے 6 کیسز سامنے آنے کے بعد یہ تجویز دی گئی ہے۔

خبر ایجنسی کا مزید کہنا تھا کہ کیسز کا جائزہ لینے کے لیے امریکی ڈزیز کنٹرول سینٹر کا مشاورتی اجلاس بدھ کو ہوگا۔

خبر ایجنسی کے مطابق جانسن اینڈ جانسن ویکسین کے استعمال کے بعد متاثر ہونے والی تمام خواتین ہیں۔ متاثرہ خواتین کی عمریں 18 سے 48 سال کے درمیان ہیں۔ ایک متاثرہ خاتون کا انتقال ہوگیا، دوسری خاتون کی حالت تشویشناک ہے۔

ادھر امریکی ڈزیز کنٹرول کے مطابق جانسن اینڈ جانسن ویکسین کے ممکنہ مضر اثرات کے کیسز بہت کم ہیں۔

خبرایجنسی نے بتایا کہ امریکا میں جانسن اینڈ جانسن ویکسین کی 68 لاکھ خوراکیں لگائی جاچکی ہیں۔