آسٹرین صدر کی مسلمان کمیونٹی کو رمضان کی مبارکباد

April 14, 2021

ویانا(نمائندہ جنگ)آسٹریا کے صدر الیگزینڈر وان ڈیر بیلن نے ماہ رمضان کی آمد پر مسلم کمیونٹی کو سوشل میڈیا پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ میری خواہش ہے کہ تمام مسلمان رمضان کا آغاز پرامن انداز سے کریں ،میری نیک تمنائیں آپ لوگوں کے ساتھ ہیں ،رمضان کا مہینہ درس دیتا ہے کہ توجہ امن ، اتحاد اور یکجہتی پر مرکوز رکھی جائے۔ شام کے وقت افطار کرنا عام طور پر تمام مسلم کمیونٹی کے لوگ پڑوسیوں ، کنبہ اور دوستوں کو اکٹھا کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ کورونا کی وجہ سے اس سال بھی سب کچھ مختلف ہے جو ہمارے ساتھ مشترک ہے اور رمضان ہمیں جوڑتا ہے۔ موجودہ حالات میں ہمارا طرز عمل ہمارے معاشرے میں وابستگی کی سب سے زیادہ اہم علامت ہے ہم جسمانی فاصلہ بھی رکھتے ہیں لیکن ہم ساتھ رہتے ہیں۔ میری دعا ہے کہ آپ سب صحتمند رہیں ۔سعودی عرب اور متحدہ امارات سمیت آسٹریا میں بھی اکثریتی مسلم کمیونٹی نے منگل کو پہلا روزہ رکھا ،مرکزی اسلامک سنٹر ویانا میں پہلی نماز تراویح کا سب سے بڑا اجتماع ہوا ۔آسٹریا میں اس سال بھی مسلم کمیونٹی ایک ساتھ رمضان کا آغاز نہ کر سکی۔ آسٹریا میں اہل تشیع کمیونٹی امام سجاد اسلامک سنٹر ویانا اور دعوت اسلامی مدنی سنٹر فیضانِ مدینہ رمضان کا آغاز آج سے کریں گے۔