لباس کسی کو بدتر یا پارسا نہیں بناتا : اُشنا شاہ

April 14, 2021

اداکارہ اُشنا شاہ کا ماننا ہے کہ لباس آپ کو کبھی بھی بدتر یا پارسا نہیں بناسکتا، یہ صرف سوچ ہے جو دوسرے کو اچھا یا بُرا بناتی ہے۔

اُشنا شاہ نے انسٹاگرام پر رمضان کی مبارکباد دیتے ہوئے ایک طویل پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے عمرے کے دوران کعبہ میں لی گئی برقع پہنے ایک تصویر شیئر کی۔

اداکارہ نے لکھا کہ رمضان المبارک کے اس موقع پر میں دعا کرتی ہوں کہ بحیثیت قوم ہم اپنے اندر ان لوگوں کے لئے رواداری اور قبولیت کا احساس پیدا کریں جو ہم سے مختلف ہیں، وہ لوگ جو مختلف عقائد، رجحانات اور نظریات کے حامل ہیں۔


انہوں نے لکھا کہ ’میری دعا ہے کہ ہم دنیا میں موجود تمام مخلوقات کے لیے شفقت رکھیں اور یہ کہ ہم کمزوروں اورناداروں کے لیے کھڑا ہونا اپنی ذمہ داری بنائیں، میری دعا ہے کہ ہم کمزوروں کے لیے طاقت کے ستون بن جائیں۔ میری دعا ہے کہ ہم خود سے ہی دوسروں کیلئے غلط مفروضات نہ بنائیں۔‘

اُشنا شاہ نےشیئر کردہ تصویر کی جانب متوجہ کرتے ہوئے کہا کہ ’دو سال گزر جانے کے بعد بھی میں یہ تصویر کرنے سے گریزاں ہوں کیونکہ بہت سے لوگ اس پر اپنی رائے دینا اپنا فرض سمجھتے ہیں من گھڑت مفروضات بھی بنانا ان کا پسندیدہ کام ہے۔‘

انہوں نے لکھا کہ ’تصویر میں موجود زیب تن لباس میرے اچھا ہونے کی ضمانت نہیں بالکل ایسے ہی جیسے لبرل لباس مجھے ایک بدتر شخص بنا سکتا ہے۔‘

اداکارہ نے لکھا کہ میری دعا ہے کہ ہم بطور معاشرہ ایک اچھا معاشرہ بنیں اور بطور فرد ایک بہتر انسان بن سکیں۔