کورونا وائرس کی ہلکی علامات ظاہر ہونے کے بعد اداکارہ میرا نے ویکسین لگوالی

April 14, 2021

فلم اسٹار و پروڈیوسر میرا نے عالمی وباکورونا وائرس کی ہلکی علامات ظاہر ہونے کے بعد نیویارک میں ویکسین لگوالی۔

اداکارہ میرا نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی کچھ ویڈیوز شیئر کیں جن میں اُنہیں کورونا ویکسین لگواتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔


میرا نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’الحمداللّہ! میں نے کچھ دن پہلے نیویارک میں کورونا ویکسین لگوالی۔‘

اداکارہ نے لکھا کہ ’مجھے بخار، سر درد، تھکاوٹ اور جسمانی درد سمیت کورونا وائرس کی ہلکی علامات ظاہر ہوئی تھیں۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’میں سب کو مشورہ دوں گی کہ آپ خود کو اور اپنے پیاروں کو محفوظ رکھنے کے لیے لازمی ویکسین لگوائیں۔‘

اداکارہ نے دُنیا بھر میں موجود اپنے مداحوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’براہ کرم ویکسین سے خوفزدہ نہ ہوں، یہ صرف اس وبائی امراض سے ہر کسی کو زندہ رہنے میں مدد فراہم کرنے کے لیے ہے۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سے میرا کی والدہ کا حوالہ دے کر یہ خبریں زیرگردش تھیں کہ میرا کو لندن میں پاگل خانے میں داخل کروادیا گیا ہے، میرا نے عمران عباس کے ذریعے ان تمام خبروں کی تردید کی۔

اداکار عمران عباس نے میرا سے متعلق زیر گردش خبروں پر ایک طویل پوسٹ کے ذریعے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ میرا نے مجھے فون کر کے تمام میڈیا اور سوشل میڈیا پر یہ واضح کرنے کیلئے کہا ہے کہ وہ بالکل صحتمند ہیں اور ان کی ذہنی حالت بھی ٹھیک ہے۔