عروسہ صدیقی کے وزن کم کرنے کے چرچے

April 14, 2021

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ عروسہ صدیقی نے اپنا وزن کم کرکے سب کو حیران کردیا۔

پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کے متعدد ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والی معروف اداکارہ عروسہ صدیقی کی کچھ تصویریں سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ہیں جن میں اداکارہ کا وزن کافی کم نظر آرہا ہے۔

عروسہ صدیقی کو ڈرامہ انڈسٹری میں اُن کے کیرئیر کی شروعات سے ہی بھاری بھرکم جسم کے ساتھ دیکھا گیا ہے لیکن اب اچانک اُن کے وزن میں کمی دیکھ کر ہر کوئی حیران رہ گیا ہے۔

یوں تو عروسہ صدیقی کو اُن کے موٹاپے کے ساتھ ہی اداکاری کی دُنیا میں خوب پسند کیا گیا ہے لیکن کہا یہ جارہا ہے کہ اداکارہ نے خود کو ڈرامہ انڈسٹری میں مزید آگے بڑھانے کے لیے اپنا وزن کم کیا ہے۔

عروسہ صدیقی نے اپنا وزن کم کرنے کے لیے تین سال تک خوب محنت کی اور آخر وہ اب ایک نئے روپ میں نظر آرہی ہیں جسے سوشل میڈیا پر خوب پسند کیا جارہا ہے۔

جہاں سوشل میڈیا صارفین اداکارہ کی محنت کو خوب سراہا رہے ہیں تو وہیں حنا الطاف اور منال خان نے بھی عروسہ صدیقی کی تصویروں پر حیرانگی کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ عروسہ صدیقی نے جیو انٹرٹینمنٹ کے مقبول ترین سیریل ’ٹاکے کی آئے گی بارات‘ میں حیرت انگیز اداکاری کرکے خوب تعریفیں سمیٹی تھیں۔