جبران ناصر اور امریکی اداکار کی مشابہت کے چرچے

April 14, 2021

حال ہی میں پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ منشا پاشا کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے والے سماجی کارکن جبران ناصر سے مشابہت رکھنے والے امریکی اداکار کے سوشل میڈیا پر چرچے شروع ہوگئے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک صارف نے دو تصاویر پر مبنی ایک فوٹو کولاج شیئر کیا جس میں ایک تصویر جبران ناصر کی ہے جبکہ دوسری تصویرامریکی ٹی وی سیریز بروکلن، نائن-نائن کے کردار ایڈریان پائیمینٹو کی ہے۔

صارف نے فوٹو کولاج شیئر کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’مجھے لگتا ہے کہ جبران ناصر اورامریکی ٹی وی سیریز کے کردار ایڈریان پائیمینٹو سے بہت مشابہت رکھتے ہیں۔‘

ٹوئٹر صارف کے اس ٹوئٹ پر تبصرے کرتے ہوئے صارفین نے بھی جبران ناصر اور امریکی اداکار کی مشابہت پر اتفاق کیا۔

ایک صارف نے کہا کہ ’ان دونوں میں تو کافی حد تک مشابہت ہے۔‘

دوسرے صارف نے کہا کہ ’شُکر! میں اکیلا ہی نہیں کہ جس کا ماننا یہ ہے، جبران ناصر اور امریکی اداکار آپس میں مشابہت رکھتے ہیں۔‘

واضح رہے کہ امریکی ٹی وی سیریز میں ایڈریان پائیمینٹو کا اداکار، رائٹر اور کامیڈین جیسن مینٹکوز نے ادا کیا تھا۔

یاد رہے کہ منشا پاشا نے سال 2019 میں 22 دسمبر کو پاکستان کے مشہور سماجی کارکن جبران ناصر سے منگنی کی تھی۔

اِس جوڑے کی منگنی کی تقریب کا اہتمام کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں کیا گیا تھا جس میں شوبز فنکاروں سمیت دونوں کے قریبی رشتہ داروں نے شرکت کی تھی۔