مجھے امریکا بدر نہیں کیا گیا: فلم اسٹار میرا

April 14, 2021


فلم اسٹار و پروڈیوسر میرا نے کہا ہے کہ اُنہیں امریکا بدر نہیں کیا گیا بلکہ وہ ہیوسٹن میں ہی کام کر رہی ہیں۔

پاکستانی سپر اسٹار اداکارہ میرا نے جیو نیوز کو آب بیتی سناتے ہوئے کہا کہ نیو یارک کے اسپتال میں غلط فہمی پیدا ہوئی اور امریکا چھوڑنے کی بھی جھوٹی خبریں پھیلائی گئیں۔

میرا نے کہا کہ نہ مجھے پاگل خانے بھیجا گیا اور نہ ہی 50 ہزار ڈالر بطور ضمانت طلب کیے گئے۔

اداکارہ نے کہا کہ میں شوبز پروموٹر ریحان صدیقی کے رین پراجیکٹس پر کام کے لیے ہیوسٹن پہنچ چکی ہوں۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ میڈیا میری زندگی میں دلچسپی لے لیکن خبروں کی اشاعت سے قبل تصدیق تو کرلے۔

دوسری جانب شوبز پروموٹر ریحان صدیقی نے کہا کہ میرا کے متعلق ایک کے بعد ایک جھوٹی خبریں پھیلائی گئیں۔

ریحان صدیقی کا کہنا تھا کہ میرا باصلاحیت فنکارہ ہیں، اسی لیے انہیں ہیوسٹن مدعو کیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سے میرا کی والدہ کا حوالہ دے کر یہ خبریں زیرگردش تھیں کہ میرا کو لندن میں پاگل خانے میں داخل کروادیا گیا ہے، میرا نے عمران عباس کے ذریعے ان تمام خبروں کی تردید کی۔

اداکار عمران عباس نے میرا سے متعلق زیر گردش خبروں پر ایک طویل پوسٹ کے ذریعے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ میرا نے مجھے فون کر کے تمام میڈیا اور سوشل میڈیا پر یہ واضح کرنے کیلئے کہا ہے کہ وہ بالکل صحتمند ہیں اور ان کی ذہنی حالت بھی ٹھیک ہے۔